میر رضا، احمد بھاردے کے الیکٹرانک آلات کا لائیو فرانزک لیب سے معائنہ کروانے کیلئے 10 دن کی مہلت

میر رضا: فائل فوٹو
کراچی کی جوڈیشل عدالت نے میر رضا کیس میں میر رضا اور ان کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے کے الیکٹرانک آلات کا لائیو فرانزک لیب سے معائنہ کروانے کیلئے 10 دن کی مہلت دے دی۔ آئندہ سماعت پر کیس کا چالان جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔
میر رضا کیس میں جے آئی ٹی کے تفتیشی افسر ڈی ایس پی فرید خان جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش ہوئے، چالان جمع کروانے کیلئے مہلت مانگی اور بتایا کہ 7 نومبر کو ہونے والے جے آئی ٹی کے پہلے اجلاس کے منٹس عدالت میں جمع کروا دیے جبکہ دوسرا اجلاس آج ہونا ہے، تفتیش مکمل کرنے کیلئے 14 روز کی مہلت دی جائے، عدالت نے 10 روز کی مہلت دیتے ہوئے آئندہ اجلاس کے منٹس سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔
تفتیشی افسر نے میر رضا اور ان کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے کے الیکٹرانک آلات کی لائیو فرانزک جانچ کے لیے درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری فرانزک رپورٹس کا جائزہ لیا جاچکا ہے۔
میر رضا کیس کی مشترکہ تحقیقات میں پیشرفت، احمد بھاردے کا پستول فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا
جے آئی ٹی اور میر رضا کے اہل خانہ کی تجویز ہے کہ الیکٹرانک آلات کا لائیو فرانزک معائنہ زیادہ مفید ثابت ہوسکتا ہے اور اس کے ذریعے مزید شواہد سامنے آنے کا امکان ہے، تفتیشی افسر نے خدشہ ظاہر کیا کہ لائیو انٹرنیٹ کنکشن قائم کرنے سے ریموٹ کمانڈ یا خودکار اپڈیٹس کے باعث موجود ڈیٹا میں تبدیلی یا ضیاع ہوسکتا ہے۔
عدالت نے لائیو فرانزک معائنے کی اجازت دیتے ہوئے سختی سے مقررہ پروٹوکول پر عملدرآمد اور معائنے کے نتائج سے آگاہ کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب میر رضا کیس میں نارتھ ناظم آباد کی ڈیزرٹ شاپ سے برآمد اسلحے کے معاملے پر احمد بھاردے کے اہلخانہ نے جیونیوز کو بتایا کہ پستول احمد بھاردے کا نہیں بلکہ سیکیورٹی گارڈ کا تھا۔
پستول کے لائسنس پر بھی واضح طور پر درج ہے کہ اسلحہ پروٹیکٹا نامی پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی کا ہے اور اسے احمد بھاردے کا ذاتی اسلحہ قرار دینا درست نہیں۔
احمد بھاردے کے اہلخانہ کے مطابق وہ جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ