ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ڈورن مار گرایا، تصاویر بھی جاری

فوٹو: ایرانی میڈیا
ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے ساحلی علاقے کوہستک کے قریب جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے امریکی ایم کیو ون ڈرون مار گرایا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بحریہ نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ امریکی ڈرون کو آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع ساحلی علاقے سیریک کے قریب ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت نشانہ بنایا گیا۔
فضائی دفاعی نظام نے ڈرون کی کامیابی سے نشاندہی اور نگرانی کے بعد اسے کوہستک کے علاقے میں تباہ کیا۔
آبنائے ہُرمُز سے گزرنے کی کوشش، بارودی سرنگوں سے ٹکراکر 2 آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی
ایرانی بحریہ نے کہا کہ علاقائی سالمیت، سمندری سرحدوں اور مفادات کے تحفظ اور دفاع میں ایک لمحے کی بھی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی۔
ایم کیو ون پریڈیٹر درمیانی بلندی پر پرواز کرنے اور طویل وقت تک فضا میں رہنے کی صلاحیت رکھنے والا بغیر پائلٹ طیارہ ہے، جسے امریکی کمپنی جنرل ایٹامکس نے تیار کیا اور امریکی فضائیہ اسے بنیادی طور پر فوجی کارروائیوں اور نگرانی کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔
امریکی فضائیہ نے 2018 میں ایم کیو ون پریڈیٹر طیاروں کا بیڑا ریٹائر کرکے ان کی جگہ زیادہ جدید ایم کیو نائن ریپر ڈرونز استعمال کرنا شروع کردیے تھے۔
روس ایران کو ایئر ڈیفنس سسٹم دے گا، ایس 400 کیلئے معاہدہ تقریباً طے پا چکا ہے، برطانوی اخبار
ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران ایرانی مسلح افواج نے امریکی ایم کیو نائن ڈرونز کو بھی بھاری نقصان پہنچایا، جس کے بعد واشنگٹن نے فضائی نگرانی اور جاسوسی کی کارروائیوں کے لیے دوبارہ ایم کیو ون ڈرونز کا استعمال شروع کردیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ جمعے کو ایران کے پاسداران انقلاب نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اس نے قشم جزیرے کے اوپر ایک اور امریکی ایم کیو ون ڈرون مار گرایا ہے، جسے جنگ کے آغاز سے تباہ ہونے والا 16واں ایم کیو ون قرار دیا گیا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ