جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

وزیراعظم کی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ضروری تعاون فراہمی کی یقین دہانی

تازہ ترین
وزیراعظم کی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ضروری تعاون فراہمی کی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف نے کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے فروغ کےلیے تمام ضروری تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان منرلز فورم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں معدنیات کے شعبے کے فروغ کےلیے مل کرکام کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کےلیے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے، سرمایہ کاروں کا تحفظ ہمارا تحفظ اور ان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ معدنیات کے منصوبوں کی کامیابی کےلیے مقامی آبادی کا تعاون اور اعتماد ضروری ہے، افرادی قوت، اثاثوں اور سپلائی روٹس کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے.

اُن کا کہنا تھا کہ معدنیات کو نکالنا، پاکستان میں پراسیس اور تیار کرکے برآمد کرنا ہے، سفر مشکل ضرور ہے لیکن ہم پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کاروں دونوں کےلیے فائدہ مند ہے، معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کےلیے طریقہ کار آسان بنایا جارہا ہے، لائسنس اور معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کرنا ہے، پاکستان کی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ قیمتی معدنی وسائل ملکی صنعتوں کےلیے استعمال ہوں گے، وہ دن دور نہیں جب معدنی وسائل کو ملکی ڈاؤن اسٹریم انڈسٹری کےلیے بروئے کار لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیراستعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے، 2 دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلےکی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گولڈمین سکس کی پیشگوئی ہے کہ 2075ء تک پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتاہے، ان شا اللّٰہ 2050ء سے بھی پہلے دنیا کی بڑی معیشتوں میں پاکستان شامل ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنے کا خواہاں نہیں، نیشنل منرل ڈیٹا سینٹر اور ارضیاتی رکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے مستند معلومات دستیاب ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں معدنیات کے شعبے کے فروغ کےلیے مل کرکام کریں گی، کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام ضروری تعاون فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ معدنیات کے منصوبوں کی کامیابی کےلیے مقامی آبادی کا تعاون اور اعتماد ضروری ہے، افرادی قوت، اثاثوں اور سپلائی روٹس کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کےلیے بجلی، پانی اورمواصلات کا قابل اعتماد انفرااسٹرکچر ضروری ہے، نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ہمارے نوجوان تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور پرعزم ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاری سے متعلق رکی ہوئی فائل کو تیز ترین رفتار سے آگے بڑھانے کی ضمانت دیتا ہوں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ