جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

برطانیہ: مختلف جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ کا نسلی شناخت سے متعلق قواعد میں تبدیلی کا مطالبہ

تازہ ترین
برطانیہ: مختلف جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ کا نسلی شناخت سے متعلق قواعد میں تبدیلی کا مطالبہ

برطانیہ میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینئر ارکانِ پارلیمنٹ نے نسلی شناخت سے متعلق قواعد میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے جس کے تحت مستقبل میں سیاہ فام، ایشیائی اور دیگر نسلی پس منظر رکھنے والے افراد بھی سرکاری طور پر خود کو ’انگریز‘ (English) کے طور پر شناخت کروا سکیں گے۔

اس مہم کی قیادت لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما جوش بابانڈے کر رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ انگریز ہونے کا تعلق صرف جِلد کے رنگ یا نسل سے نہیں بلکہ مشترکہ اقدار، ثقافت، شہریت اور قومی شناخت سے ہے۔

جوش بابانڈے کے مطابق برطانیہ کی قومی فٹبال ٹیم کے تقریباً 60 فیصد کھلاڑی خود کو فخر سے انگریز قرار دیتے ہیں، لیکن موجودہ مردم شماری کی درجہ بندی کے تحت تکنیکی طور پر وہ ’انگریز‘ کے طور پر اپنی شناخت درج نہیں کر سکتے کیونکہ موجودہ نظام میں ’انگریز‘ کی شناخت بنیادی طور پر سفید فام نسلی گروہ سے منسلک ہے۔

برطانیہ: ہفتے میں چار دن کام کا تنازع، لندن انڈر گراؤنڈ یونین کا ہڑتالوں کا اعلان

مجوزہ بل کے تحت 2031ء کی مردم شماری میں ہر نسلی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ اگر وہ خود کو انگریز سمجھتے ہیں تو اپنی شناخت اسی طور پر درج کرا سکیں۔

اطلاعات کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم اینڈی برنم نے بھی اس تجویز کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔

اگر یہ قانون منظور ہو جاتا ہے تو برطانیہ میں قومی اور نسلی شناخت کے سرکاری نظام میں ایک اہم تبدیلی آئے گی، جس کے اثرات آئندہ مردم شماری اور سرکاری اعداد و شمار پر بھی مرتب ہوں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ