پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مالی امداد و قرضوں میں ریلیف دیا جائے: شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن—فائل فوٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مزید قرضے نہیں مالی امداد اور قرضوں میں ریلیف دیا جائے۔
شیری رحمٰن اس وقت وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ترکیہ میں ہونے والی کوپ 31 کانفرنس میں شریک ہیں۔
ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس میں صرف وعدے نہیں بلکہ ماحولیاتی انصاف اور متاثرہ ممالک کے لیے عملی اقدامات ہونے چاہئیں۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے کہا ہے کہ 2022ء کے سیلاب سے پاکستان میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ اس سیلاب سے ہمیں 30 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا۔
مذاکرات کا رک جانا بدقسمتی ہے: شیری رحمٰن
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ دنیا میں فوسل فیول پر سالانہ 7 ہزار ارب ڈالرز کی سبسڈی ماحولیاتی تحفظ پر خرچ ہونی چاہیے جبکہ موجودہ پالیسیوں کے تحت عالمی درجۂ حرارت میں 2 اعشاریہ 7 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے پاکستان کو 565 ارب ڈالرز سے زائد درکار ہیں جبکہ پاکستان نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ سے تقریباً 58 ملین ڈالرز کی درخواست جمع کرائی ہے۔
پی پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آفات سے متاثرہ افراد تک مالی امداد فوری پہنچنی چاہیے جبکہ ماحولیاتی تحفظ، زراعت، پانی اور بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کے لیے سرمایہ کاری ضروری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کی جانب سے کوپ 31 کی میزبانی اور قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان کسی سے خیرات نہیں بلکہ ماحولیاتی انصاف اور مالی ذمے داری کا مطالبہ کر رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا ہے کہ یہاں صرف وعدے نہیں، ماحولیاتی انصاف اور متاثرہ ممالک کے لیے عملی اقدامات ہونے چاہئیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ