جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اینویڈیا کے ملازمین کے جینسن ہوانگ کی واپسی کا مطالبہ کر دیا

تازہ ترین
اینویڈیا کے ملازمین کے جینسن ہوانگ کی واپسی کا مطالبہ کر دیا

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کی کمپنی سے علیحدگی کے بعد ملازمین کی بڑی تعداد ان کی دوبارہ واپسی کا مطالبہ کر رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاسوسی کے سنگین اسکینڈل اور کمپنی کی متعدد خواتین ملازمین کے ساتھ مبینہ غیر ازدواجی تعلقات کی خبروں کے بعد جینسن ہوانگ کو عہدہ چھوڑنا پڑا تاہم ان کی حمایت میں ملازمین اب آواز بلند کر رہے ہیں۔

کمپنی کے اندر قائم ایک فورم پر ایک پوسٹ کو 1,600 سے زائد تبصرے مل چکے ہیں، متعدد ملازمین نے جینسن ہوانگ کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کمپنی کے مشن پر یقین ہے تو اس کے سربراہ کو واپس لایا جائے۔

ایک ملازم نے کہا ہے کہ جینسن ہوانگ بھی انسان ہیں، ان سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن انہیں دوسرا موقع ملنا چاہیے۔

ایک اور ملازم نے پوری کمپنی کو ای میل بھیج کر ان کی حمایت کا اعلان کیا۔

ٹوائلٹس کی صفائی سے 4.5 ٹریلین ڈالرز کی اینویڈیا کمپنی تک جینسن ہوانگ کے عروج و زوال کی داستان

جینسن ہوانگ نے 33 سال تک کمپنی کی قیادت کی اور اسے مصنوعی ذہانت کے شعبے کی بڑی طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ان کا سفر انتہائی معمولی حالات سے شروع ہوا جہاں وہ کبھی بیت الخلاء کی صفائی کا کام کرتے تھے اور بعد ازاں دنیا کی قیمتی ترین کمپنیوں میں سے ایک کی بنیاد رکھی۔

جینسن ہوانگ کی علیحدگی سے ملازمین اور حامیوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور بعض کا خیال ہے کہ جینسن کے بغیر کمپنی پہلے جیسی نہیں رہے گی۔

اس معاملے نے یہ سوال بھی اٹھا دیا ہے کہ کیا ٹیکنالوجی کی دنیا میں کمپنی کے بانیوں کو اداروں سے زیادہ اہمیت دی جانے لگی ہے؟ اور کیا کسی خاتون سربراہ کو بھی ایسی ہی غلطیوں پر دوسرا موقع دیا جاتا یا انہیں سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑتا؟

ماضی میں بھی ایسا ہو چکا ہے

کمپنی کے سربراہ کی واپسی کا مطالبہ کوئی نئی بات نہیں، غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2023ء میں مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین کو بورڈ نے عہدے سے ہٹا دیا تھا تاہم کمپنی کے تقریباً 95 فیصد ملازمین نے سیم کی حمایت کرتے ہوئے مستعفی ہونے اور ان کے ساتھ کمپنی سے چلے جانے کی دھمکی دی تھی۔

کمپنی کے بڑے سرمایہ کار مائیکرو سافٹ کے سربراہ ستیا ناڈیلا نے بھی سیم آلٹمین کی حمایت کی تھی اور ملازمین کو مائیکروسافٹ میں ملازمت دینے کی پیشکش کی تھی۔

اسی طرح ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز کو بھی ماضی میں بورڈ نے عہدے سے ہٹا دیا تھا تاہم اسٹیو بعد میں کمپنی میں واپس آئے اور دوبارہ قیادت سنبھالی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ