جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت: رس گلہ سمجھ کر دیسی ساختہ بم منہ میں رکھنے سے 1 شخص ہلاک

تازہ ترین
بھارت: رس گلہ سمجھ کر دیسی ساختہ بم منہ میں رکھنے سے 1 شخص ہلاک

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں مٹھائی کی شکل میں تیار کیا گیا دیسی ساختہ بم منہ میں پھٹنے سے 35 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق راجندر بروتیا نامی شخص ضلع ڈنڈوری میں الاؤ کے گرد بیٹھا ہوا تھا، اس دوران گاؤں کے 1 شخص مٹھائی جیسی دکھائی دینے والی چیز وہاں لایا، جبکہ دوسرے شخص نے وہ راجندر کو کھانے کے لیے دے دی، منہ میں رکھتے ہی اس میں دھماکا ہو گیا۔

پولیس افسر کے مطابق یہ دیسی ساختہ بم علاقے کے بعض قبائلی افراد جنگلی خنزیروں کے شکار کے لیے استعمال کرتے ہیں، اسے آٹے کی گولیوں میں بارودی مواد بھر کر تیار کیا جاتا ہے، جو اکثر پٹاخوں یا کانوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔

بھارت میں کئی اہم مقامات پر بم دھماکے کرنے کی دھمکی: بھارتی میڈیا کا دعویٰ

یہ بم دیکھنے میں بھارت کی روایتی مٹھائی ’رس گلے‘ جیسا ہوتا ہے، جسے عام طور پر پورا کھایا جاتا ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں راجندر شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا، جن کے خلاف غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس افسر ریکھا سنگھ کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ملزمان کا مقصد راجندر کو قتل کرنا تھا یا یہ محض شرارت تھی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ