جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹوائلٹس کی صفائی سے 4.5 ٹریلین ڈالرز کی اینویڈیا کمپنی تک جینسن ہوانگ کے عروج و زوال کی داستان

تازہ ترین
ٹوائلٹس کی صفائی سے 4.5 ٹریلین ڈالرز کی اینویڈیا کمپنی تک جینسن ہوانگ کے عروج و زوال کی داستان

سابق سربراہ اینویڈیا جینسن ہوانگ—فائل فوٹو

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کی زندگی محنت، جدوجہد، غیر معمولی کامیابی اور پھر ایک بڑے تنازع کے باعث زوال کی حیران کن داستان بن گئی۔

جینسن ہوانگ 1963ء میں تائیوان کے دارالحکومت تائپے میں پیدا ہوئے تھے اور پیدائش کے وقت ان کا نام جین ہسن ہوانگ رکھا گیا تھا، وہ اپنی ابتدائی زندگی تھائی لینڈ میں گزارنے کے بعد امریکا منتقل ہو گئے تھے۔

جینسن ہوانگ کو اور ان کے بھائی کو بچپن میں کینٹکی کے ایک بورڈنگ اسکول میں بھیجا گیا جہاں انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انگریزی زبان پر کمزور گرفت کے باعث وہ ساتھی طلبہ کی جانب سے مذاق اور بدسلوکی کا نشانہ بنے اور اسکول میں ٹوائلٹس کی صفائی جیسے کام بھی انجام دیے۔

انہوں نے بورڈنگ اسکول میں ہونے والے تجربات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہاں کا ماحول بہت سخت تھا، لیکن اس تجربے نے مجھے محنت اور نظم و ضبط سکھایا۔

40 ہزار ڈالرز اور اینویڈیا کی بنیاد

جینسن ہوانگ کے بعد اینویڈیا کی سربراہی کیلئے 3 ممکنہ امیدواروں کے نام سامنے آگئے

1993ء میں جینسن ہوانگ نے اپنے 2 ساتھی انجینئرز کرس ملاچوسکی اور کرٹس پریم کے ساتھ مل کر اینویڈیا کی بنیاد رکھی، کمپنی کے قیام کے لیے تینوں نے تقریباً 40 ہزار ڈالرز کی ابتدائی رقم جمع کی اور سیلیکون ویلی میں ڈینی کے ریسٹورنٹ کی ایک میز پر کاروباری منصوبہ تیار کیا۔

ان کا مقصد ایسی طاقت ور کمپیوٹر چِپس بنانا تھا جو عام کمپیوٹرز سے زیادہ پیچیدہ مسائل حل کر سکیں۔

1999ء میں اینویڈیا نے دنیا کا پہلا گرافکس پروسیسنگ یونٹ (GPU) متعارف کروایا، جس نے ویڈیو گیمز کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔

بعد ازاں کمپنی کی یہی ٹیکنالوجی مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی تربیت اور پیچیدہ حسابات کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی۔

چیٹ جی پی ٹی اور دیگر جدید اے آئی نظاموں کی بڑھتی ہوئی ضرورت نے اینویڈیا کو دنیا کی سب سے قیمتی کمپنیوں میں شامل کر دیا۔

سیاہ لیدر جیکٹ کے باعث عالمی شہرت

اے آئی ٹیکنالوجی کے علاوہ جینسن ہوانگ کی پہچان ان کی مخصوص سیاہ رنگ کی لیدر جیکٹ بھی بنی، جسے وہ تقریباً ہر اہم تقریب میں پہنے نظر آتے ہیں۔

اے آئی ٹیکنالوجی میں اینویڈیا کی کامیابی کے بعد جینسن ہوانگ دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ہو گئے، ان کی دولت تقریباً 160 ارب ڈالرز بتائی گئی، جبکہ کمپنی میں ان کا حصّہ تقریباً 3.6 سے 4 فیصد کے درمیان ہے۔

ان کی شہرت صرف کاروباری حلقوں تک محدود نہیں رہی بلکہ عالمی سیاسی رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی ماہرین کے ساتھ بھی ان کے روابط مضبوط ہیں۔

امریکا اور چین کے معاملے پر اختلافات

جینسن ہوانگ نے امریکی حکومت کی جانب سے چین کو جدید چِپس کی برآمد پر پابندیوں کے خلاف آواز اٹھائی تھی، ان کا مؤقف تھا کہ سخت پابندیاں امریکی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کے تعلقات مضبوط ہوئے اور وہ مصنوعی ذہانت سے متعلق پالیسی معاملات میں غیر رسمی مشیر کے طور پر بھی اہمیت حاصل کرنے لگے، تاہم چین کو جدید اے آئی چِپس کی فروخت کے معاملے پر امریکی سیاست دانوں کے ایک حلقے نے ان پر تنقید کی اور قومی سلامتی کے خدشات ظاہر کیے۔

اسکینڈل سے کامیاب کیریئر کو شدید نقصان

حال ہی میں جینسن ہوانگ کے 2 خواتین کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات کی خبریں سامنے آنے کی وجہ سے ان کے کیریئر کو شدید نقصان پہنچا۔

ان کے جن 2 خواتین کے ساتھ تعلقات کی خبریں سامنے آئی ہیں، ان میں سے 1 چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ ہیں، جن کے بارے میں امریکی انٹیلیجنس حکام کو شبہ ہے کہ وہ چین کے لیے جاسوسی کر رہی تھیں۔

جینسن ہوانگ اسکینڈل کے بعد کانگریس کے سامنے پیش ہونے پر آمادہ: رپورٹ

یہ الزامات تاحال ثابت نہیں ہوئے، چین کی وزارتِ خارجہ نے انہیں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

ان خبروں کے سامنے آنے کے بعد جینسن ہوانگ اینویڈیا کی سربراہی سے مستعفی ہو گئے۔

استعفیٰ دینے سے پہلے 8 نومبر 2026ء کو انہوں نے اینوڈیا کے ملازمین کو لکھے گئے خط میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت بھی کی تھی، جس کے بعد کمپنی نے ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔

اب جینسن ہوانگ کے مستعفی ہونے کے بعد اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری سربراہ مقرر کیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ