جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

صدر زرداری اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ملاقات سے متعلق قیاس آرائی مناسب نہیں: ناصر شاہ

تازہ ترین
صدر زرداری اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ملاقات سے متعلق قیاس آرائی مناسب نہیں: ناصر شاہ

سندھ کے وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ— فائل فوٹو

سندھ کے وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو واضح کر چکے کہ جو عوام کا فیصلہ ہو گا وہی سندھ کی تقدیر ہو گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانے پر ریفرنڈم ہو سکتا ہے لیکن اس کے لیے بھی طریقۂ کار موجود ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی تشکیل کے لیے صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے بل پاس کروانا آئین میں موجود ہے، جن اسمبلیوں نے صوبے بنانے کی قرارداد پاس کی ہیں وہ سو بسم اللّٰہ کریں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

ہو سکتا ہے کہ میرے خطے کے لوگ کہیں کہ نئے صوبے بننے چاہئیں: ملک محمد احمد خان

سندھ کے وزیرِ بلدیات نے کہا کہ صدر زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ بھی آئین کی بات کرتے ہیں، صوبے سے متعلق سندھ اسمبلی اور عوام واضح فیصلہ دے چکے ہیں جس کا احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے تعلقات ذاتی نوعیت کے ہیں، ان دونوں کی ملاقات سے متعلق قیاس آرائی مناسب نہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ محسن نقوی کی صدر زرداری سے ملاقات نہ صوبے کے لحاظ سے تھی، نہ کسی اور چیز پر، صدر زرداری کا محسن نقوی سے ذاتی تعلق ہے جس کی وجہ سے وہ ملاقات کے لیے آئے تھے، ان کے درمیان کچھ ایشوز پر ضرور بات ہوئی ہو گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جو قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں ان میں سے کوئی چیز بھی ملاقات میں زیرِ بحث نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو وزیرِ اعظم سے ملاقات کے لیے کسی سفارش کی ضرورت نہیں، ہم ایم کیو ایم کو سنجیدگی سے نہیں لیتے، ہمیں تو ان سے ہمدردی ہے، وہ اپنے اندرونی مسائل حل کریں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ