جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایف بی آئی کا شمالی کورین ہیکرز پر 40 کروڑ ڈالرز کی کرپٹو کرنسی چرانے کا الزام

تازہ ترین
ایف بی آئی کا شمالی کورین ہیکرز پر 40 کروڑ ڈالرز کی کرپٹو کرنسی چرانے کا الزام

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے ہیکرز پر جعلی ملازمت کے انٹرویوز اور ویڈیو کالز کے ذریعے کرپٹو کرنسی چوری کرنے کی نئی کارروائی کا الزام عائد کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا کی حکومت کے زیرِ سرپرستی کام کرنے والے ہیکرز نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے افراد کی شناخت اور معلومات حاصل کر کے 40 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی ہے۔

ایف بی آئی کے سائبر ڈویژن کے ڈائریکٹر بریٹ لیتھرمن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی حکومت اپنے غیر قانونی ہتھیاروں کے پروگرام کی مالی معاونت کے لیے بڑے پیمانے پر کرپٹو کرنسی کی چوری سے حاصل ہونے والی رقم پر انحصار کرتی ہے، گزشتہ چند برسوں کے دوران اربوں ڈالرز مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی جا چکی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ہیکرز کی تازہ ترین کارروائی جسے ’فیس اسٹیلر (FaceStealer)‘ کا نام دیا گیا ہے، اس میں خاص طور پر کرپٹو کرنسی اور ویب تھری (Web3) کے شعبوں سے وابستہ افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بائنانس میں 6.3 ارب ڈالرز کی چوری، ہیکرز نے جعلی نوکری کے انٹرویوز کا سہارا لیا

شمالی کوریا نے بائنانس سے 6.3 ارب ڈالرز کی چوری میں ملوث ہونے کے ایف بی آئی کے الزام کو مسترد کر دیا

6.3 ارب ڈالرز کی چوری: بائننس نے 90 فیصد نقصانات کا ازالہ کر دیا

رپورٹ کے مطابق اوپن سورس سافٹ ویئر کی تیاری اور دیکھ بھال کرنے والے افراد اس مہم کا خاص ہدف ہیں۔

ایف بی آئی اور امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق فیس اسٹیلر سے وابستہ ہیکرز جعلی یا ہیک کیے گئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ممکنہ متاثرین سے رابطہ کرتے ہیں اور انہیں زوم، مائیکرو سافٹ ٹیمز اور گوگل میٹ کے جعلی ورژنز پر ویڈیو کال میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔

اس کے بعد ہیکرز ویڈیو کال کے دوران متاثرہ شخص کے کسی شناسا فرد کی پہلے سے ریکارڈ شدہ ویڈیو چلاتے ہیں، تاکہ گفتگو حقیقی معلوم ہو، تاہم اس دوران آڈیو میں خرابی ظاہر کی جاتی ہے، بعد ازاں متاثرہ شخص کی اسکرین پر ایک پیغام نمودار ہوتا ہے، جس میں آڈیو کی خرابی دور کرنے کے لیے ایک لنک پر کلک کرنے کو کہا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق لنک پر کلک کرتے ہی متاثرہ شخص کی ڈیوائس میں نقصان دہ سافٹ ویئر (مالویئر) ڈاؤن لوڈ ہو جاتا ہے، جس کے ذریعے ہیکرز اس کی رابطہ فہرست اور مختلف ایپلی کیشنز تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں، اس طرح ممکنہ متاثرین کا دائرہ مزید وسیع ہو جاتا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ہیکرز ان ویڈیو کالز کو خفیہ طور پر ریکارڈ بھی کرتے ہیں اور بعد ازاں ان ریکارڈنگز کو نئے متاثرین کو دھوکا دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

ایف بی آئی نے فیس اسٹیلر کو سوشل انجینئرنگ پر مبنی ایک انتہائی مؤثر فراڈ قرار دیا ہے، جو کمپیوٹر کے شعبے میں تجربہ رکھنے والے اور سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی محتاط صارفین کو بھی دھوکا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائننس نے بھی کچھ اسی طرح کے انکشافات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ہیکرز نے جعلی ملازمت کے انٹرویوز کے ذریعے کمپنی سے ریکارڈ 6 ارب 30 کروڑ ڈالرز (4 ارب 70 کروڑ پاؤنڈ) مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی تھی۔

امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بائننس پر ہونے والے اس سائبر حملے، جسے اب تک کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی چوری قرار دیا جا رہا ہے، اس کا الزام شمالی کوریا سے منسلک ہیکرز پر عائد کیا ہے، جبکہ پیانگ یانگ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ