جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

چین: وزن میں کمی کیلئے روزانہ کھائی جانیوالی گولی کی منظوری

تازہ ترین
چین: وزن میں کمی کیلئے روزانہ کھائی جانیوالی گولی کی منظوری

چین نے ایک امریکی دوا ساز کمپنی کی جانب سے وزن میں کمی کے لیے تیار کی جانے والی گولی کی منظوری دے دی۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق یہ منظوری 12 نومبر 2026ء کو دی گئی جس کے بعد کمپنی کو چین کی بڑی ادویات کی منڈی میں ڈنمارک کی ایک حریف کمپنی پر برتری حاصل ہو سکتی ہے۔

نئی دوا ان ادویات کے گروپ سے تعلق رکھتی ہے جو بھوک کم کرنے اور خون میں شکر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

انجیکشن کے برعکس یہ دوا روزانہ ایک گولی کی صورت میں استعمال کی جائے گی اور اس کے استعمال کے دوران کھانے یا پانی پینے پر کسی خاص پابندی کی ضرورت نہیں ہو گی۔

شوگر اور وزن میں کمی کیلئے بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والی دوا اوزیمپک کے فوائد اور نقصانات

دی نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین میں اس دوا کا مقابلہ نامور وزن کم کرنے والی ادویات سے کیا جا رہا ہے۔

چینی قومی کمیشن برائے صحت کے مطابق 2030ء تک ملک میں زیادہ وزن اور موٹاپے کا شکار افراد کی شرح 65 فیصد سے تجاوز کر سکتی ہے جس کے باعث وزن کم کرنے والی ادویات کی طلب میں اضافے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی دوا ساز کمپنی نے 2025ء کے آخر میں اس دوا کی منظوری کے لیے درخواست جمع کروائی تھی۔

کمپنی نے چین میں مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ 10 سال کے دوران 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی پیش کیا ہے۔

امریکا میں بھی یہ دوا بڑے پیمانے پر فروخت کی جا رہی ہے تاہم چین میں اس کی قیمت اور فروخت شروع کرنے کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ