جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مصنوعی ذہانت کے استعمال کا الزام، زمبابوے کے مصنف نے 1 کروڑ روپے سے زائد کا ادبی انعام بچا لیا

تازہ ترین
مصنوعی ذہانت کے استعمال کا الزام، زمبابوے کے مصنف نے 1 کروڑ روپے سے زائد کا ادبی انعام بچا لیا

زمبابوے کے مصنف سمباراشے کنڈیزیزا---فائل فوٹو

زمبابوے کے 1 مصنف کو اپنی تحریر کا اصل مصنف ثابت کرنے کے لیے 1 ماہ تک تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے الزام سے کلیئر ہونے کے بعد وہ 10 ہزار پاؤنڈ کا ادبی انعام برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئے۔

زمبابوے کے مصنف سمباراشے کنڈیزیزا کی مختصر کہانی ’دی بلیو فائٹر‘ نے 6 اکتوبر کو افریقی ادب کا معتبر کین پرائز جیتا تھا، تاہم ایوارڈ ملنے کے صرف 5 روز بعد ان کی تحریر کو مصنوعی ذہانت کے استعمال کے الزام کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

صحافی واہنی وارا نے امریکی جریدے دی اٹلانٹک میں شائع ہونے والے مضمون میں دعویٰ کیا ہے کہ پینگرام نامی مصنوعی ذہانت کی شناخت کرنے والے سافٹ ویئر نے مصنف کی تقریباً پوری کہانی کو اے آئی سے تیار کردہ قرار دیا تھا۔

دلچسپ بات یہ تھی کہ سافٹ ویئر نے صرف ایک دوسرے مصنف کی نظم کے اقتباس کو انسانی تحریر قرار دیا۔

اس موقع پر مصنف سمباراشے کنڈیزیزا نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی۔

مصنوعی ذہانت انسانوں جیسا شعور حاصل کر چکی: ماہر کا بڑا دعویٰ

کین پرائز کے منتظمین نے معاملے کی تحقیقات کے لیے 1 آزاد ڈیجیٹل فرانزک ماہر کی خدمات حاصل کیں، جس نے مصنف کے ابتدائی مسودوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ اور میٹا ڈیٹا کا جائزہ لیا۔

تحقیقات میں مائیکروسافٹ ورڈ کی 4 الگ دستاویزات سامنے آئیں، جن سے معلوم ہوا کہ کہانی لکھنے اور اس میں ترمیم کرنے پر مجموعی طور پر 27 گھنٹے تک کام کیا گیا تھا۔

مصنف نے اپریل 2025ء میں کہانی پر کام شروع کیا تھا اور 2 ماہ بعد اسے مکمل کیا۔

منتظمین نے کہانی کے ججوں اور اسے پہلی مرتبہ شائع کرنے والے ناشر سے بھی انٹرویو کیے۔

کین پرائز نے تحقیقات کے نتائج جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف مصنوعی ذہانت کی شناخت کرنے والے سافٹ ویئر کی بنیاد پر کسی تحریر کے مصنف کا تعین کرنا قابلِ اعتماد طریقہ نہیں۔

اس تنازع نے اس بحث کو بھی جنم دیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کی شناخت کرنے والے سافٹ ویئر مصنفین کی تحریروں کو غیر متناسب طور پر اے آئی سے تیار کردہ قرار دے سکتے ہیں۔

مصنف کو الزامات سے کلیئر کرنے کے باوجود کین پرائز کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال سے ناشرین اور مختصر فہرست میں شامل مصنفین کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق اعلانات جمع کرانا لازمی ہو گا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ