مائیکروسافٹ کی سروسز میں تعطل، دنیا بھر کے کاروباری ادارے و سرکاری محکمے متاثر

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کی سروسز میں تعطل کے بعد دنیا کے مختلف خطوں میں جزوی بحالی جاری ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کی سروسز میں تقریباً 10 گھنٹے تک تعطل رہا، جس سے دنیا بھر کے کاروباری ادارے اور سرکاری محکمے متاثر ہوئے۔
اس حوالے سے مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ جن خطوں میں اصلاحی اقدامات کیے گئے وہاں سروسز کی جزوی بحالی دیکھی جا رہی ہے، تاہم کیے گئے اقدامات سے مستقل بحالی ممکن نہیں ہو پا رہی ہے۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ سروسز کی گنجائش بڑھانے کے لیے متبادل اقدامات پر کام کیا جا رہا ہے۔
6300 ایچ ون بی ویزے اور 3 ہزار گرین کارڈز، مائیکروسافٹ کیخلاف کارروائی
ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق امریکا میں آؤٹ لک کی بندش سے متعلق 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد شکایات سامنے آئیں، جبکہ بھارت، آسٹریلیا اور جاپان میں بھی مائیکروسافٹ کی متعدد سروسز متاثر ہوئیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں مائیکروسافٹ کی سروسز میں عالمی تعطل کے باعث شدید افراتفری پھیل گئی۔
آسٹریلوی وزیرِ داخلہ ٹونی برک کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ حکام نے ابتدائی بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ یہ سائبر حملہ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ آسٹریلیا کی نیشنل سائبر سیکیورٹی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل مشیل میک گینس اور مائیکروسافٹ آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کی صدر جین لائیوسی نے صورتِ حال سے آگاہ کیا ہے۔
جین لائیوسی کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ کو درپیش مسئلہ 2024ء میں کراؤڈ اسٹرائیک کی سروسز میں پیدا ہونے والے تعطل سے ملتا جلتا ہے۔
واضح رہے کہ جولائی 2024ء میں امریکی سائبر سیکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کی جانب سے جاری کردہ ایک ناقص سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے باعث دنیا بھر میں کروڑوں افراد متاثر ہوئے تھے، جبکہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے کمپیوٹرز کریش ہو گئے تھے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ