جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ نے اینویڈیا کے نئے سی ای او کیلئے ٹم کک کا نام تجویز کر دیا

تازہ ترین
ٹرمپ نے اینویڈیا کے نئے سی ای او کیلئے ٹم کک کا نام تجویز کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کے سابق چیف ایگزیکٹیو ٹم کک کو ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کا نیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر بنانے کی تجویز دے دی۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا ہے کہ اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ مستعفی ہو گئے، ان کی جگہ لینے کے لیے صرف ایک ہی شخص موزوں ہے، جو ایپل کے سابق سربراہ ٹم کک ہیں۔

انہوں نے ٹم کک کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک لیجنڈ کی جگہ دوسرا لیجنڈ لے گا۔

رپورٹس کے مطابق ٹم کک رواں برس ستمبر میں ایپل کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے پر 15 سال خدمات انجام دینے کے بعد مستعفی ہو گئے تھے اور اب کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ہیں۔

اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ نے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا

گزشتہ سال ٹم کک نے ٹرمپ کو 24 قیراط سونے کے اسٹینڈ پر نصب امریکا میں تیار کردہ خصوصی یادگاری تختی پیش کی تھی۔

یہ اقدام ایپل کے امریکی مینوفیکچرنگ پروگرام کے تحت ملک میں مزید 100 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد کیا گیا تھا۔

دوسری جانب جینسن ہوانگ کے بارے میں اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ان کے ایک چینی کاروباری خاتون کے ساتھ مبینہ تعلقات تھے، جن پر امریکی حکام کو بیجنگ کے لیے جاسوسی کرنے کا شبہ ہے، ان اطلاعات کے بعد ہوانگ نے چیف ایگزیکٹیو اور کمپنی کے بورڈ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

اینویڈیا نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس عبوری چیف ایگزیکٹیو کی ذمے داریاں سنبھالیں گی۔

اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ میری جینسن ہوانگ سے بات ہوئی ہے اور ہوانگ نے بتایا ہے کہ میں اس بات سے لاعلم تھا کہ مجھ سے منسلک خاتون مبینہ طور پر جاسوس ہیں۔

جینسن ہوانگ کو سلیکون ویلی میں ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے، دونوں کے درمیان تعلقات 2025ء سے قائم ہیں۔

گزشتہ 2 برس کے دوران ہوانگ نے امریکی حکومت کے ایجنڈے کی حمایت کی اور چین کو جدید کمپیوٹر چِپس کی فروخت کے لیے واشنگٹن میں بھی سرگرم رہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ