جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

33 ہزار فٹ کی بلندی پر امریکی پرواز میں پانی بھر گیا، شکاگو میں ہنگامی لینڈنگ

تازہ ترین
33 ہزار فٹ کی بلندی پر امریکی پرواز میں پانی بھر گیا، شکاگو میں ہنگامی لینڈنگ

امریکا میں ڈینور سے ڈیٹرائٹ جانے والی پرواز میں 33000 فٹ کی بلندی پر اگلے باتھ روم کا سنک پھٹنے سے کیبن میں پانی بھر گیا اور پائلٹ کو شکاگو کے اوہیئر ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

باتھ روم کے نل یا سنک میں اچانک شدید لیکیج شروع ہوگئی۔ پانی اتنی تیزی سے باہر نکلا کہ مسافر کیبن کے فرش اور درمیان والے راستے میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔

ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ کے مطابق پائلٹ نے ’’مے ڈے‘‘ کی ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کیبن میں ’’جھیل‘‘ بن گئی ہے۔

عملے کو سب سے بڑا خدشہ یہ تھا کہ فرش کے نیچے موجود طیارے کے حساس برقی نظام میں پانی داخل ہوکر کسی بڑے فنی حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پرواز میں اتفاق سے ایک پلمبر بھی سفر کر رہا تھا۔ اس مسافر نے فوری طور پر آگے بڑھ کر باتھ روم کا پانی بند کرنے میں عملے کی مدد کی۔ تاہم اس وقت تک اتنا زیادہ پانی کیبن میں پھیل چکا تھا کہ حفاظت کے پیش نظر پائلٹ نے شکاگو میں اترنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

طیارہ بحفاظت شکاگو او ہیئر ایئرپورٹ پر اتر گیا اور تمام مسافر و عملہ محفوظ رہے۔ بعد ازاں ایئرلائن نے متاثرہ طیارے کو مرمت کے لیے روک کر مسافروں کو ایک دوسرے متبادل طیارے کے ذریعے ان کی منزل ڈیٹرائٹ روانہ کر دیا۔

اس واقعہ کی ویڈیو سامنے آئی ہیں، جن میں مسافروں کی سیٹوں کے درمیان فرش پر بہتا ہوا پانی واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ