مستونگ میں قومی شاہراہ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک

فوٹو: فائل
بلوچستان کے علاقے مستونگ میں قومی شاہراہ این25 پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق مستونگ میں کنڈاوا پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کرنے کوشش کی گئی، جسے ناکام بنادیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں دو شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، شہید شہریوں میں کلیم اللّٰہ اور بی بی لائبہ شامل ہیں، حملے میں تین ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
ترجمان بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قریبی مکانات اور مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمی شہریوں کو طبی امداد کے لیے قریبی طبی مراکز منتقل کردیا گیا۔
بلوچستان پولیس ترجمان کے مطابق حملہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیا، دہشت گردوں کا بلوچستان کے عوام سے کوئی تعلق نہیں، بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ