ٹریفک اور شور شرابے کے قریب رہنا دل کے امراض کو کیسے دعوت دیتا ہے؟

ماہرینِ صحت طویل عرصے سے اس بات پر زور دیتے آرہے ہیں کہ انسان کی جسمانی صحت کا براہِ راست تعلق اس کے گردونواح کے ماحول سے ہوتا ہے۔
حال ہی میں 'امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن' کی جانب سے پیش کی جانے والی ایک سائنسی تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کے شور کا مستقل سامنا کرنا انسان کے دل کی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جو لوگ 50 ڈیسیبل سے زیادہ شور والی جگہوں (مثلاً مصروف شاہراہوں یا ٹرانسپورٹ کے نظام کے قریب) کے اردگرد رہائش پذیر ہوتے ہیں، ان میں دل کے بڑے مسائل اور جان لیوا قلبی حادثات کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق کا ایک اہم اور حیران کن نکتہ یہ ہے کہ اگرچہ بھرپور اور پُرسکون نیند صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے، لیکن صرف اچھی نیند بھی انسان کو ٹرانسپورٹ کے مسلسل شور کی وجہ سے دل پر پڑنے والے منفی اثرات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں رکھ سکتی۔
زیادہ شور کی وجہ سے انسان کا اعصابی نظام مستقل دباؤ میں رہتا ہے، جس سے جسم میں تناؤ پیدا کرنے والے ہارمونز (جیسے کورٹیسول اور ایڈرینالائن) کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ طویل عرصے تک یہ کیفیت بلڈ پریشر میں اضافے اور دل کی نالیوں میں سختی کا باعث بنتی ہے۔
طبی محققین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کی طرح 'شور کی آلودگی' بھی صحت کے لیے ایک پوشیدہ خطرہ ہے، اس لیے رہائشی علاقوں میں شور کو کم کرنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنانا اور گھروں کی مناسب ساؤتھ پروفنگ کرنا دل کی حفاظت کے لیے نہایت ضروری ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ