جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

میر رضا کیس کی مشترکہ تحقیقات میں پیشرفت، احمد بھاردے کا پستول فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا

تازہ ترین
میر رضا کیس کی مشترکہ تحقیقات میں پیشرفت، احمد بھاردے کا پستول فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا

میر رضا : فائل فوٹو

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کیس کی مشترکہ تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ جے آئی ٹی نے کارروائی کے دوران میر رضا کے پارٹنر احمد بھاردے کا ذاتی پستول برآمد کرکے فرانزک کے لیے بھیج دیا۔

میر رضا کے دوست اور پارٹنر کے ریسٹورنٹ کی ایک برانچ سیل کردی گئی، فوڈ چین کی نارتھ ناظم آباد برانچ سیل کرکے ریکارڈ ضبط کرلیا گیا، پارٹنر احمد بھاردے کا ذاتی پستول فوڈ چین کی برانچ سے برآمد ہوا۔

کیس کا پس منظر:۔

خیال رہے کہ میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا، جس کی لاش دو روز بعد گلستان جوہر سے ملی تھی، میر رضا علی صبح چار بج کر نو منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا۔

میر رضا کے اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر کا وزیراعلیٰ سندھ کو خط، جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ

پولیس کا کہنا تھا کہ رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی جبکہ اس کے سینے میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ رضا کی لاش ملنے سے ایک روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے ٹیلی کام کمپنی سے مقتول کا فون ریکارڈ اور اس سے رابطہ رکھنے والے افراد کا ڈیٹا بھی طلب کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ رضا نے جس ٹیکسی سے سفر کیا تھا اس کے ڈرائیور کو بھی شامل تفتیش کیا گیا تھا، ڈرائیور نے بیان میں بتایا تھا کہ اس نے میر رضا علی کو گلستان جوہر میں اس کے کچن پر چھوڑا تھا۔

میر رضا کیس: احمد بھردے کے میڈیا انٹرویوز کمیشن کارروائی سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار

مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ میر رضا کا 30 اگست کو گلشن اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح تھا اور رضا اپنی نئی شروع ہونے والی زندگی کے حوالے سے بہت خوش تھا۔

میر رضا علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خامیوں کی نشاندہی 4 اگست کو جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں کی گئی تھی۔

پروگرام میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید اور میر رضا علی کے والد کے سامنے دوبارہ پوسٹ مارٹم کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔ پروگرام میں بات کرتے ہوئے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید اور میر رضا علی کے والد، دونوں نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

میر رضا نے عبداللّٰہ کو کچھ دن پہلے بتایا تھا اس کے والد نے ایک گڑبڑ کر دی ہے، خالد ممتاز ایڈووکیٹ

بعد ازاں عدالتی حکم کے بعد میر رضا کی 8 اگست کو قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد اسی دن دوبارہ تدفین کردی گئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، میر رضا علی کی پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، سر اور چہرے پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے، جسم پر کالے دھبے بھی تھے۔

رپورٹ کے مطابق میر رضا کے پاؤں پر بھی زخم کے نشان ہیں، جسم کے نچلے حصے کے ٹشوز پر بھی خون کے دھبے ہیں، رپورٹ میں میر رضا کی دائیں ران پر تقریباً 12 سینٹی میٹر طویل فریکچر اور زخم کی نشاندہی ہوئی ہے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کے جبڑے کے حصے میں گہری چوٹ اور فریکچر کے شواہد ملے ہیں، ناک کی ہڈی اور چہرے کے مختلف حصوں پر بھی چوٹیں پائی گئیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ