کراچی: بینک سے رقم نکلوانے والے شہری سے 1 کروڑ روپے سے زائد چھین لیے گئے، متاثرہ شخص زیر حراست

فائل فوٹو
کراچی کے علاقے گزری میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے ایک کروڑ روپے سے زائد چھین لیے گئے، پولیس نے غیرملکی خاتون کی شکایت پر متاثرہ شخص کو حراست میں لے لیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ کا کہنا ہے کہ شہری غیر ملکی خاتون کا ملازم ہے، غیر ملکی خاتون اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہے، واقعہ مشکوک ہے، خاتون نے کم رقم بینک سے نکالنے کا کہا تھا، متاثرہ شہری کے بیان کی ویریفکیشن کی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ بینک سے تین کروڑ 75 لاکھ روپے نکلوائے تھے، موٹرسائیکل سوار ملزمان بیگ چھین کر فرار ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہری بار بار اپنے بیانات تبدیل کر رہا ہے، ابتدائی طور پر ایک کروڑ روپے، بعد میں تین کروڑ 75 لاکھ روپے لوٹنے کا بتایا، بینکوں سے ویریفکیشن جاری ہے، اب تک ایک کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کے ثبوت ملے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے پہلے اسلحہ بردار ملزمان کا بتایا بعد میں کہا کہ موٹرسائیکل کو ٹکر مار کر روکا، 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کے دعوے کی تصدیق کی جارہی ہے، شہری اتنی بڑی رقم موٹرسائیکل کی ٹنکی پر رکھ کر لے جا رہا تھا، غیر ملکی خاتون نے حال ہی میں شہری کو ملازمت پر رکھا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ خاتون اسلام آباد سے واپس آئیں گی تو تحقیقات میں مزید پیشرفت ممکن ہے، خاتون کے کہنے پر ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ