نئے صوبے اسی صورت میں بنیں گے جب سب راضی ہوں گے ورنہ نہیں بنیں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی : فائل فوٹو
وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبے اسی صورت میں بنیں گے جب سب راضی ہوں گے ورنہ نہیں بنیں گے، نئے صوبوں کے حوالے سے سب کا اپنا اپنا مؤقف ہے، اس حوالے سے تمام جماعتوں کی رائے ضروری ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے بہترین حل یہ ہے کہ عوام کی رائے لے لی جائے، اگر اس کے علاوہ بھی کوئی بہترین حل ہے تو اس کے لیے بھی عوام کے پاس جانا چاہیے، صوبوں کے حوالے سے عوام کی جو بھی رائے ہے وہ اس کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور بلاول بھٹو زرداری ایک پیج پر ہیں، ہمارے لیے پیپلز پارٹی، ن لیگ سمیت تمام جماعتیں نہایت اہم ہیں، ہم سب اکھٹے ہیں، کوئی بھی فیصلہ اختلاف سے نہیں ہوگا، کرپشن پورے ملک میں ہے اور اسے ختم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا ایک دو دن سے افواہیں چل رہی ہیں کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہو سکتا ہے، جو ان کا قانونی حق ہے اور عدالت سے جو انہیں ملے گا وہ ہی ملے گا، باقی ساری چیزیں اسی طرح ہیں، کوئی فرق نہیں ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ