سلمان صفدر، لطیف کھوسہ کی بانی سے ملاقات میں سلمان اکرم راجہ سے متعلق شکایت کی گئی، ذرائع

بانی پی ٹی آئی عمران خان : فائل فوٹو
اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی ملاقات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سلمان اکرم راجہ سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو شکایت کی گئی، اہلخانہ کی رہائی اور سیاست میں مداخلت پر مشاورت ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ ان کی فیملی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی اپنی اہلیہ کی رہائی اور علاج کے لیے رضا مند تھے۔
آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی کو نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان، ذرائع
لطیف کھوسہ کی جانب سے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی پر رائے دی گئی، بانی پی ٹی آئی نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز کو مسترد کیا اور کہا موجودہ حکومت اور پارلیمان میں سخت مؤقف اور بائیکاٹ رہنا چاہیے، موجودہ حکومت سے روابط یا تعاون اسے جواز فراہم کرتا ہے، لارجر اپوزیشن الائنس کیلئے پی ٹی آئی نہیں اپوزیشن قائدین فیصلے کریں، مولانا فضل الرحمان سے اپوزیشن رہنما بات کریں، اپوزیشن الائنس کے ساتھ آگے بڑھیں۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے دونوں اپوزیشن رہنماؤں پر اعتماد کا اظہار کیا، بانی پی ٹی آئی نے فیصلوں کا اختیار محمود اچکزئی، راجہ ناصر عباس کے پاس ہی رکھا، انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وسیع اتحاد کا پیغام بھیجا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے صوبوں کے حوالے سے اپنا پرانا مؤقف دہرایا ہے، بانی پی ٹی آئی نے 28ویں ترمیم پر 26ویں اور 27 ویں ترمیم والے مؤقف کا پیغام دیا۔
ذرائع کے مطابق لطیف کھوسہ آج محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو ملاقات سے متعلق بریفنگ دیں گے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ