حکومت اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے: محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب — فائل فوٹو
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پہلی بار سکوک اجراء کا 10 کھرب روپے کا سنگ میل عبور ہوا۔
محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں 10کھرب روپے کے ڈومیسٹک ساورن سکوک اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک ساورن سکوک اجراء اسلامی مالیاتی نظام کی بڑی کامیابی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ 10 کھرب روپے کا اجراء معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے، اسلامی بینکاری اور سکوک مارکیٹ مستحکم ہو رہی ہے، حکومت اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان میں اسلامی فنانس کو فروغ مل رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سکوک سےقرضوں کی مدت میں توسیع اور لاگت میں کمی میں مدد ملی، سکوک مارکیٹنگ ایکو سسٹم کے لیے متعلقہ اداروں نے مل کر کام کرنا ہے، سکوک اجراء کے حوالے سے آغاز اچھا ہے، مثبت رجحان کو برقرار رکھنا ہے۔
یہ سچ ہے کہ کچھ فرمز ملک سے جا رہی ہیں: محمد اورنگزیب
اُنہوں نے مزید کہا کہ شرعی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں، پاکستان میں اسلامی بینکاری مسلسل فروغ پا رہی ہے، پاکستان میں سکوک کی مارکیٹ مستحکم ہو رہی ہے، مالیاتی شعبے کے لیے ریگولیٹرز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بہتر ریگولیشن کے لیے اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کو مزید فعال بنا رہے ہیں، معاشی ترقی کے حصول کے لیے جدید طریقہ کار اپنا رہے ہیں، حکومت شرعی اصولوں کےمطابق اسلامی بینکاری کو جدید بنا رہی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اسلامی بینکاری کی پروڈکٹس پر اعتماد بڑھ رہا ہے، اسلامی بینکاری ملک میں جدید بینکاری سے ہم آہنگ ہو رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ مولانا تقی عثمانی نے اسلامی بینکاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، اُنہوں نےاسلامی بینکاری کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنے میں معاونت کی، اسلامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت ہر سطح پر کوششیں کر رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ