برطانوی شادی میں دلہن کی جگہ کتے کی انٹری توجہ کا مرکز بن گئی

برطانوی جوڑے کی شادی کی تقریب میں اچانک ایک کتے کی آمد نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
دلہن کی انٹری کے عین موقع پر کتے کی دلچسپ انٹری نے تقریب کے شرکا کو قہقہے لگانے پر مجبور کردیا۔
برطانیہ کی کاؤنٹی ہیمپشائر سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب میں آوارہ کتے کی اچانک آمد کا دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
ایمی اور سائمن کین 7 نومبر بروز ہفتے کو ایمانوئل ایسٹلی چرچ میں شادی کے بندھن میں بندھ رہے تھے کہ اسی دوران ایک کتا اچانک تقریب میں داخل ہوگیا اور سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
30 سالہ ایمی، جو پیشے کے اعتبار سے ڈینٹل نرس ہیں، چرچ کے باہر موجود تھیں اور ان کی آمد کے لیے مخصوص موسیقی بجنا شروع ہوچکی تھی۔ اسی دوران ایلی نامی سیاہ و سفید رنگ کا جیک رسل ٹیریئر کتا دوڑتا ہوا وہاں پہنچا اور ایمی کے پالتو کتے ڈوگی کو سونگھنے لگا، جو شادی کی تقریب میں انگوٹھیوں کی ذمے داری ادا کر رہا تھا۔
اسلام آباد ایئر پورٹ پر بندر نے عملے کی دوڑیں لگوادیں
31 سالہ سائمن، جو بس ڈرائیور ہیں، نے واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بے چینی سے ایمی کی آمد کا انتظار کر رہا تھا، اسی دوران ان کی آمد کا گانا بجنا شروع ہوا، مجھے توقع تھی کہ ایمی اپنی سہیلیوں کے ہمراہ داخل ہوگی لیکن اچانک ایک اجنبی کتا نمودار ہوگیا اور اس کا مالک بھی اس کے پیچھے پیچھے تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کتا سیدھا چرچ میں داخل ہوا اور ڈوگی کو سونگھنے لگا، اس کے بعد وہ سیدھا راہداری میں دوڑتا ہوا آگے نکل گیا۔
نوبیاہتا جوڑے کے مطابق کتے کی اس غیر متوقع آمد نے تقریب میں خوشگوار ماحول پیدا کردیا اور مہمانوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ