وزیر اطلاعات کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا، وہ کہاں ہیں؟ چیف الیکشن کمشنر

الیکشن کمیشن نے این اے 77 ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کی۔
کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
دورانِ سماعت عطاء تارڑ کے وکیل سجیل سواتی اور ن لیگ کے امیدوار راشد بشیر ورک، ن لیگ کی ایم پی ایز اور حکومتی عہدیدار عاصمہ ناز اور قدسیہ بتول، ڈی سی، آر او اور ڈی ایم او بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے بتایا کہ مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار نے ڈی آر او کے پاس درخواست دی جبکہ عطاء تارڑ اور فاروق تارڑ نے حلقے کا دورہ کیا۔
اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال نے یہ اپیل کی کہ درخواست میں کہا گیا عطاء تارڑ نے حلقے کا دورہ کیا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ان کو دو سال کی سزا ہو سکتی ہے، الیکشن کمیشن سخت ایکشن لے، عہدے والے ایم این اے اور وزراء حلقے میں پھرتے رہے۔
جس پر چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ وزیر اطلاعات کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا، وہ کہاں ہیں؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے عطاء تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے بتایا کہ وزیر اطلاعات سرکاری غیر ملکی دورے پر ہیں۔
جواب سن کر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے دورے میں صرف میڈیا کوریج ہی کرنی ہے اور کیا کرنا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے آرڈر کیا ہے، اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں ٹیچرز کی ڈیوٹی نہیں لگے گی، الیکشن کمیشن عملہ کہاں سے لائے گا؟
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے آرڈر کا سختی سے نوٹس لیتے ہیں، وفاقی حکومت اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں واضح کرتا ہوں بلدیاتی الیکشن اسلام آباد میں ہوں گے۔
جس پر عطاء تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ عطاء تارڑ ملک سے باہر ہیں، یہ سنجیدہ الزامات ہیں، کمیشن کی بہت عزت ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے عاصمہ ناز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ پولنگ اسٹیشن میں گھومتی رہیں، آپ کی ایم پی اے کی پوزیشن جا سکتی ہے، ان ہتکھنڈوں سے ووٹ کم پڑتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آپ مسکرا رہی ہیں، اس سے لگتا ہے آپ کو پشیمانی نہیں، آپ کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کیا جا سکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ