ڈی آئی خان: دہشتگردوں کا تھانے پر بارودی مواد سے بھری گاڑی سے حملہ

اسکرین گریب — جیو نیوز
ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن پر بارودی مواد سے بھری گاڑی سے حملہ کردیا۔
خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ نامعلوم دہشتگردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی تھانہ بند کورائی کے گیٹ سے ٹکرا دی اور فائرنگ بھی کی۔
ترجمان کے پی پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے حملے سے تھانے کی دیوار اور قریبی مسجد کو نقصان پہنچا جبکہ اطراف کے گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
کوہاٹ میں شہید 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
پولیس کے مطابق جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا کردیا، بروقت کارروائی کے باعث دہشتگرد تھانے میں داخل نہ ہو سکے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس ترجمان کے مطابق اطلاع پر ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان موقع پر پہنچ گئے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، مقامی شہری بھی پولیس کی حمایت میں تھانے کے قریب پہنچ گئے۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ