جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ میں مودی کو شامل کرانے کیلئے ماہانہ 75 ہزار ڈالرز کی ادائیگی: دستاویزات

تازہ ترین
ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ میں مودی کو شامل کرانے کیلئے ماہانہ 75 ہزار ڈالرز کی ادائیگی: دستاویزات

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ میں جگہ حاصل کرنے کے لیے امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرتی ہے۔

بھارتی جریدے دی وائر کے مطابق یہ انکشاف امریکی قانون ’فارین ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ‘ (ایف اے آر اے) کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات میں ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے مودی کو بھارت کا طویل ترین عرصے تک عہدے پر فائز رہنے والا وزیراعظم بننے پر مبارک باد دینے والی ٹروتھ سوشل پوسٹ کا انتظام مودی حکومت نے ماہانہ 75 ہزار ڈالرز کے عوض کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور بغیر اجازت نجی مواد کی تشہیر روکنے کا حکم، جسٹس ارباب طاہر نے رپورٹ طلب کرلی

مودی دورہ، بھارت امریکا تعاون کی تشہیر، تضادات کی پردہ پوشی

بھارتی میڈیا نے مودی کی تشہیری سیاست پر مبنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ٹرمپ کے قریبی حلقوں سے روابط رکھنے والی لابنگ فرم ’مرکری پبلک افیئرز‘ نے ایف اے آر اے کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات میں اس سرگرمی کی تفصیلات ظاہر کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد بھارتی حکومت نے اس فرم کی خدمات حاصل کی تھیں۔

اس کے علاوہ ٹرمپ کی سبکدوش ہونے والی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز بھی 2024ء کے اواخر تک مرکری کے ساتھ بطور لابیسٹ رجسٹرڈ تھیں۔

دوسری جانب ٹرمپ کے معاون جیسن ملر کی سربراہی میں کام کرنے والی فرم ’ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز ایل ایل سی‘ نے انکشاف کیا کہ اس نے مئی اور جون کے دوران بھارتی حکومتی نمائندوں اور وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام کے درمیان 8 ٹیلی فونک رابطوں کا انتظام کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق فرم کی تازہ ترین ایف اے آر اے دستاویزات میں ان رابطوں کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جن کا محور بھارت اور امریکا کے تعلقات تھے۔

بھارت نے اپریل 2025ء میں جیسن ملر کی فرم کی خدمات حاصل کی تھیں اور اپریل 2026ء میں معاہدے میں مزید ایک سال کی توسیع کردی تھی تاہم، 23 جون کو یہ معاہدہ ختم کردیا گیا، جس کے بعد جیسن ملر نے ٹرمپ انتظامیہ میں خصوصی سرکاری ملازم کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھال لی تھیں۔

واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے نے ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز کے ساتھ ماہانہ ڈیڑھ لاکھ ڈالرز کے عوض معاہدہ کیا تھا۔

دستاویزات کے مطابق اس معاہدے میں پالیسی امور پر اسٹریٹجک مشاورت، عملی منصوبہ بندی اور حکومتی روابط کے لیے معاونت شامل تھی۔ اس میں امریکی حکومت، کانگریس، ریاستی حکومتوں، تعلیمی اداروں، تھنک ٹینکس اور دیگر متعلقہ حلقوں کے ساتھ روابط بھی معاہدے کا حصہ تھے۔

دستاویزات میں جیسن ملر کی فرم کی جانب سے مئی میں کروائے گئے ٹیلی فونک رابطوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں، جو امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے دورۂ بھارت سے قبل ہوئے تھے۔

ان رابطوں میں بھارتی نمائندوں اور وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام کے درمیان گفتگو شامل تھی، جن میں امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، نائب مشیرِ قومی سلامتی مائیکل نیڈھم اور انسدادِ دہشت گردی و مالیاتی انٹیلی جنس کے انڈر سیکریٹری جین لینگ بھی شامل تھے۔

مارکو روبیو کے دورۂ بھارت کے بعد جون میں مزید ٹیلی فونک رابطوں کا انتظام کیا گیا، جن میں امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر، ٹرمپ کے معاون برائے پالیسی واکر بیریٹ اور وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر برائے مواصلات اسٹیون چیونگ شامل تھے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ