جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جینسن ہوانگ کے بعد اینویڈیا کی سربراہی کیلئے 3 ممکنہ امیدواروں کے نام سامنے آگئے

تازہ ترین
جینسن ہوانگ کے بعد اینویڈیا کی سربراہی کیلئے 3 ممکنہ امیدواروں کے نام سامنے آگئے

اینویڈیا کے سربراہ جینس ہوانگ — فائل فوٹو

معروف امریکی کمپنی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ کی ممکنہ برطرفی کا معاملہ میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2 خواتین سے تعلقات کا الزام عائد ہونے کے بعد اپنے سی ای او جینسن ہوانگ کو نکالنےکی تیاری کر لی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینویڈیا نے تاحال کسی جانشین کا باضابطہ اعلان تو نہیں کیا ہے لیکن کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں میں سے 3 شخصیات کو ممکنہ امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

1۔ ایان بک

ایان بک — فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

ایان بک طویل عرصے سے اینویڈیا سے وابستہ ہیں اور سینئر عہدیدار بھی ہیں۔

انہوں نے کمپنی میں تقریباً 22 برس خدمات انجام دی ہیں اور ابھی کمپنی کے ڈیٹا سینٹر اور کمپیوٹنگ کاروبار کی نگرانی کرتے ہیں۔

ایان بک نے کمپنی کے معروف سافٹ ویئر پلیٹ فارم سی یو ڈی اے کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو کمپنی کی اے آئی چپس کی کامیابی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

ان کے تکنیکی تجربے اور کمپنی کے کاروباری نظام سے گہری واقفیت کے باعث انہیں جینسن ہوانگ کا ممکنہ جانشین سمجھا جا رہا ہے۔

2۔ کولیٹ کریس

چیف فنانشل آفیسر اینویڈیا کولیٹ کریس — فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

کولیٹ کریس اینویڈیا کی چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) ہیں اور 2013ء سے کمپنی کے مالیاتی امور کی نگرانی کر رہی ہیں۔

اس سے قبل وہ مائیکروسافٹ اور سسکو جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں بھی مالیاتی عہدوں پر کام کرچکی ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر جینسن ہوانگ عہدے سے الگ ہوتے ہیں تو کولیٹ کریس عبوری سی ای او کی ذمے داری سنبھال سکتی ہیں۔

3۔ میڈیسن ہوانگ

جینس ہوانگ کی بیٹی میڈیسن ہوانگ — فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

جینس ہوانگ کی بیٹی میڈیسن ہوانگ بھی ممکنہ جانشینوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

وہ اس وقت اینویڈیا میں فزیکل اے آئی کے شعبے میں سینئر ڈائریکٹر آف پروڈکٹ مارکیٹنگ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیسن ہوانگ کمپنی کے مختلف کاروباری شعبوں میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہی ہیں، جسے مستقبل میں بڑے عہدے کے لیے ممکنہ پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم اینویڈیا نے انہیں جینسن ہوانگ کا باضابطہ جانشین نامزد نہیں کیا۔

ان کی ممکنہ تقرری سے کمپنی میں خاندانی بنیادوں پر قیادت کی منتقلی اور کارپوریٹ گورننس کے حوالے سے سوالات بھی اٹھ سکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ