شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی ازدواجی زندگی مشکلات کا شکار

بین الاقوامی میڈیا پر برطانوی بادشاہ، شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے تشویش ظاہر کی جا رہی ہے، شاہی جوڑے کے درمیان بڑھتے فاصلے اور عوامی مقبولیت میں کمی نے ان کے تعلقات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
برطانوی جریدے کلوزر آن لائن کے مطابق شاہی خاندان کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا حالیہ عرصے میں ایک دوسرے سے زیادہ وقت الگ گزار رہے ہیں جس کے باعث ان کی ازدواجی زندگی کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انکشاف کیا ہے کہ شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کا کیریبین ممالک کا حالیہ دورہ بھی توقعات کے مطابق کامیاب نہیں رہا ہے جبکہ شاہ چارلس کو مختلف مطالبات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، شاہی جوڑے کی عوامی مقبولیت میں کمی نے بھی ان کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔
ملکہ کمیلا چھتری لیکر آگے نکل گئیں، شاہ چارلس بارش میں بھیگتے رہ گئے
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کے لیے سب سے زیادہ مایوس کن بات یہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد اس جوڑے کو اس منصب پر عارضی نگہبان کے طور پر دیکھ رہی ہے جن کی جگہ مستقبل میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین لیں گے۔
رپورٹ کے مطابق شاہ چارلس نے اپنی پوری زندگی بادشاہ بننے کا انتظار کیا جبکہ ملکہ کمیلا نے بھی برسوں عوام میں اپنی ساکھ بہتر بنانے اور شہزادی ڈیانا کی ازدواجی زندگی ختم ہونے کی ذمہ دار ہونے کے تاثر کو ختم کرنے کی کوششیں کی ہیں۔
شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی شادی کے بعد بھی اس جوڑے کو عوامی قبولیت حاصل کرنے میں طویل عرصہ لگا تاہم شاہ چارلس کے بادشاہ بننے کے بعد حالات ایک بار پھر ان کے خلاف ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شہزادہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی شادی 9 اپریل 2005 کو ونڈسر گلڈہال میں ایک سادہ سی تقریب میں ہوئی تھی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ