جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فرانس میں پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی 108ویں سالگرہ

تازہ ترین
فرانس میں پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی 108ویں سالگرہ

فرانس میں آج پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی 108ویں سالگرہ قومی سطح پر عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پیرس سمیت ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات اور یادگاری اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔

پیرس میں مرکزی تقریب آرک دی تریومف (Arc de Triomphe) کے مقام پر منعقد ہوئی، جہاں صدر ایمانوئل میکرون نے پہلی عالمی جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں نامعلوم سپاہی کی قبر پر حاضری دی اور ابدی شعلے کو دوبارہ روشن کرنے کی تقریب کی صدارت کی۔

صدر میکرون نے اس سے قبل شانزے لیزے پر سابق فرانسیسی وزیراعظم جارج کلیمنسو کے مجسمے پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ اس موقع پر پہلی عالمی جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے لاکھوں فوجیوں اور شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ فرانس میں 2012 سے یہ دن تمام جنگوں میں ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے فوجیوں اور شہریوں کی یاد سے بھی منسوب ہے۔

تقریبات کا آغاز صبح 9 بج کر 10 منٹ پر 11 نومبر 1940ء میں نازی قبضے کے خلاف احتجاج کرنے والے فرانسیسی طلبہ اور نوجوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے سے ہوا۔ ان طلبہ نے جرمن قبضے کے باوجود پیرس میں احتجاج کرکے مزاحمت کی تاریخ رقم کی تھی۔

فرانس کے اہم تاریخی پس منظر کے لحاظ سے 11 نومبر 1918ء کو پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ 11 نومبر 1922 کو فرانس میں قومی تعطیل قرار دیا گیا۔ 2012ء سے اس دن تمام فرانسیسی شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔

اس سال کی تقریب اس لیے بھی اہم ہے کہ صدر میکرون نے اپنی موجودہ صدارتی مدت کے دوران آخری مرتبہ 11 نومبر کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ