جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے امتِ مسلمہ کو خودی، اتحاد اور بیداری کا درس دیا، پیر دلدار شاہ

تازہ ترین
علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے امتِ مسلمہ کو خودی، اتحاد اور بیداری کا درس دیا، پیر دلدار شاہ

برطانیہ کے کونٹری سٹی میں 40ویں سالانہ آئینِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کی شاندار کامیابی پر منتظمین کے اعزاز میں ایک پُروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا اور منتظمین کو خدمات کے صلے میں ایوارڈز دیے گئے۔

اس موقع پر پیر دلدار شاہ صاحب نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے حوالے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ، فکر اور شاعری آج پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔

علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے امتِ مسلمہ کو خودی، خود داری، اتحاد، ایمان، عمل اور بیداری کا درس دیا، لیکن افسوس کہ آج ہم ان کے پیغام سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ہم اپنی دینی اور اسلامی تعلیمات سے بھی بتدریج دور ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال چاہتے تھے کہ مسلمان اپنی پہچان، اپنے کردار اور اپنے ایمان کو مضبوط بنائیں اور علم و عمل کے ذریعے دنیا میں اپنا مقام پیدا کریں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم فکرِ اقبال اور تعلیماتِ مصطفیٰ ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

پیر دلدار شاہ صاحب نے 40ویں سالانہ آئینِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کی کامیابی پر منتظمین، علمائے کرام، نعت خواں حضرات، رضاکاران اور تمام معاونین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم دینی اجتماع کی کامیابی کے پیچھے حضور نبی کریم ﷺ سے محبت رکھنے والے دیوانوں کی مسلسل محنت، خلوص، جدوجہد اور قربانیاں شامل ہیں۔ تمام احباب نے جس جذبے اور عقیدت کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف کانفرنسوں کا انعقاد نہیں بلکہ دینِ اسلام، محبتِ رسول ﷺ، اخوت، رواداری، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا پیغام عام انسان تک پہنچانا ہے۔ جب تک اسلامی تعلیمات کا پیغام معاشرے کے ہر فرد تک نہیں پہنچے گا، ہم حقیقی معنوں میں امن، اتحاد اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں کر سکتے۔

پیر دلدار شاہ صاحب نے کہا کہ ہمارا مقصد محبتِ رسول ﷺ کے پیغام کو فروغ دینا، دینی تعلیمات کو عام کرنا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ یہ مشن کسی ایک فرد یا ادارے کا نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

تقریب کے اختتام پر پیر دلدار شاہ صاحب نے پاکستان، کشمیر، فلسطین اور کانفرنس کی کامیابی میں حصہ لینے والے تمام افراد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ