مریم نواز اور سالک حسین کے درمیان سیز فائر ضروری ہے، رانا ثناء

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ : فائل فوٹو
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اور وفاقی وزیر سالک حسین کے درمیان سیز فائر کی ضرورت ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ سالک حسین کا اُٹھنا بیٹھنا غلط لوگوں میں ہے میں ان لوگوں کو جانتا ہوں وہاں یہ تھیوری ڈسکس ہوتی ہے کہ یہ ہوگیا وہ ہوگیا۔ ایک وفاقی وزیر جس کا بھائی صوبے میں وزیر ہو اس طرح بات کرنا کہ فائلیں بن رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ باتیں ہر دور میں ہم سنتے رہے کہ فائلیں بن رہی ہیں ہر چیز نوٹ ہورہی ہے بعد میں کوئی ثبوت نہیں آیا، میرا خیال ہے کہ ان باتوں سے متاثر ہوکر چوہدری سالک نے یہ بات کردی ہے، چوہدری سالک کے بات کا جواب دینا وزیراعلیٰ پنجاب پر واجب تھا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے جس جرات کے ساتھ جواب دیا دل گواہی دیتا ہے کہ بندہ سچا ہو تو ایسا جواب دے سکتا ہے، یہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کسی صوبے میں تھانیدار، پٹواری یا کلرک پیسے نہیں لے رہا، چوہدری سالک حسین اب بات اس پیرائے میں لے کر آرہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے بھی تو یہ نہیں کہا کہ نچلی سطح پر بھی کرپشن ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرویو میں چوہدری سالک حسین نے جو بات کی، اشارہ حکومت اور وزیراعلیٰ کی طرف تھا، محمود قادر لغاری کی بات کو لے لیں، اس طرح کی کہانی اپنی اہمیت بنانے کے لیے ہے، یہ اویس لغاری کے قریبی عزیز ہیں ضمنی انتخاب میں آئے ہیں ٹکٹ کیلئے دو تین بار تو میری طرف بھی آئے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ محمود قادر لغاری نے اس طرح سے بات کرکے اور ویڈیو بنا کر زیادتی کی، کیا انھوں نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ، اویس لغاری یا مجھ سے یہ بات کی؟ اب انھوں نے یہ بات کی ہے وثیقہ نویس اور ڈی پی او کے خلاف تو اب ثابت کریں، اگر محمود قادر لغاری ثبوت لے آئیں تو بالکل وثیقہ نویس اور ڈی پی او کے خلاف کارروائی ہوگی، اس طرح کی باتوں سے پھر چوہدری سالک جیسے لوگ متاثر ہوکر وہ بھی یہ بات کرتے ہیں، لوگ ہمارے ساتھ ہی بیٹھے ہوتے ہیں ان کی خواہشات ہوتی ہیں اس کے لیے وہ کہانیاں گھڑتے رہتے ہیں، ضروری نہیں کہ ان کہانیوں اور باتوں میں کوئی صداقت بھی ہو۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بانی پی ٹی آئی کو اسپتال لایا گیا، ڈاکٹرز نے چیک اپ کیا، ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں رکھنے کی ہدایت کرتے تو اسپتال میں داخل کرلیا جاتا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جانی چاہیے۔
رانا ثناء نے کہا کہ اس معاملے کو حکومت کی طرف سے اگر کوئی براہ راست ڈیل کررہا ہے تو ان کا نام محسن نقوی ہے، محسن نقوی نے ایک ایک معاملے پر کہا کہ فلاں وقت آپ نے یہ کہا تو کیا ہوا نہیں، علاج سے متعلق بات کی تو کیا اس پر عمل نہیں؟ ہمارے سامنے محسن نقوی کی کسی بات پر گوہر خان اور کسی اور نے تردید نہیں کی۔
رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان 1958 سے اب تک کے تمام غیر آئینی اقدامات کا ذمہ دار موجودہ قیادت کو ٹھہراتے ہیں، تمام چیزوں کو ایک طرف رکھ کر دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کا ساتھ دینا ہوگا، پہلے وزیراعظم سے بات کریں گے اس کے بعد مولانا فضل الرحمان سے بھی بات کریں گے، سیز فائر ہونا چاہیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مولانا کو ساتھ ہونا چاہیے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ