کل پہلے سیشن میں وکٹیں لینے کی بھرپور کوشش کریں گے: محمد عباس

سری لنکا کے بیٹرز تجربہ کار ہیں، انہوں نے اچھی بیٹنگ کی، محمد عباس - فوٹو: اسکرین گریب
پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ کل پہلے سیشن میں وکٹیں لینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد عباس کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں دونوں ٹیمیں کامیابی کےلیے کوشش کرتی ہیں۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے بیٹرز تجربہ کار ہیں، سری لنکن بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی۔
محمد عباس نے کہا کہ راولپنڈی کے شائقین سے درخواست ہے کہ اسٹیڈیم آئیں۔ پاکستان ٹیم نے پہلے بھی اور اب بھی اپنی بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کی ہے۔
پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا دن، سری لنکا نے 4 وکٹوں پر 404 رنز بنالیے
انہوں نے نوجوان بولرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی چاہتی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔ نوجوان فاسٹ بولرز سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی پچ اچھی ہے، بولرز اور بیٹرز دونوں کو سپورٹ کر رہی ہے۔ پاکستان کے کھلاڑی اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محمد عباس نے یہ بھی کہا کہ پریکٹس میں نوجوان فاسٹ بولرز کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرتا ہوں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ