پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ(فائل فوٹو)۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے تحت تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
انھوں نے کہا معاشرے میں بہتری کیلئے باہمی احترام، انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے، قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلیے اہم ہے۔
وزیر قانون نے کہا قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ کی تیاری میں تمام اقلیتی برادریوں سے مشاورت کی گئی، دو سالہ مشاورتی عمل کے بعد متفقہ مسودہ تیار کیا گیا۔
انھوں نے کہا قومی کمیشن کے چیئرمین، اراکین کی نامزدگی اور تقرری وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کرتے ہیں، توقع ہے کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت آئندہ چند ہفتوں میں فعال ہوجائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا حکومت تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور انسانی وقار کا تحفظ ایک پرامن اور متحد معاشرے کی بنیاد ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا آئینِ میں مذہبی آزادی، مساوات اوراقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے، اقلیتوں نے تعلیم، صحت، عوامی خدمت، عدلیہ اور مسلح افواج سمیت ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انھوں نے کہا مذہبی ہم آہنگی کیلیے اجتماعی ذمہ داری، تعلیم، ذمہ دار مذہبی قیادت اور بامعنی مکالمہ ضروری ہے۔ بار ایسوسی ایشنز قانونی آگاہی کے فروغ اور کمزور طبقات کی معاونت میں کردار ادا کریں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ