بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

روسی دوستوں کو آگاہ کر دیا کہ افزودہ جوہری مواد ہم خود استعمال کریں گے: محسن رضائی

تازہ ترین
روسی دوستوں کو آگاہ کر دیا کہ افزودہ جوہری مواد ہم خود استعمال کریں گے: محسن رضائی

محسن رضائی—فائل فوٹو

ایرانی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کا کہنا ہے کہ افزودہ جوہری مواد ایران میں ہی رہے گا اور اسے ملکی ضروریات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

لبنانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی نئے حملے کی صورت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے روسی دوستوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ افزودہ جوہری مواد ایران ہی میں رہے گا اور ہم اسے خود استعمال کریں گے، ایران کو جوہری توانائی سے چلنے والے بحری جہازوں اور آبدوزوں کی تیاری کے لیے افزودہ جوہری مواد کی ضرورت ہے۔

ایران کی امریکا اور اسرائیل کو مزید مہلک جوابی حملوں کی دھمکی

محسن رضائی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جدید الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے، جن کی مدد سے امریکی ڈرونز کا کنٹرول حاصل کر کے انہیں زمین پر گرایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئے حملے کی صورت میں ایران امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے گا، جن میں دور دراز علاقوں میں واقع فوجی اڈے بھی شامل ہوں گے۔

ایرانی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے یہ بھی کہا ہے کہ تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، خصوصاً لبنان میں جاری لڑائی کا اختتام ایران کی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ