بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سوشل میڈیا الگورتھم صارفین کو ان کی پسند کیخلاف مواد بھی دکھاتے ہیں: تحقیق میں انکشاف

تازہ ترین
سوشل میڈیا الگورتھم صارفین کو ان کی پسند کیخلاف مواد بھی دکھاتے ہیں: تحقیق میں انکشاف

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے الگورتھم صارفین کی پسند اور نظریات کے برعکس مواد بھی ان کے سامنے پیش کرتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کے نتائج میں سامنے آیا ہے کہ صارفین کی جانب سے ناپسندیدہ پوسٹس پر تبصرے اور بحث بھی انہیں اسی نوعیت کا مزید مواد دکھانے کا سبب بن سکتی ہے۔

امریکی سائنسی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں امریکا کے 715 صارفین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔

محققین نے صارفین کی ذاتی پسند اور ان کے سامنے آنے والی پوسٹس کا موازنہ کیا۔

تحقیق کے مطابق صارفین جن اکاؤنٹس کو خود فالو کرتے ہیں، ان کی پوسٹیں عموماً ان کے نظریات سے مطابقت رکھتی ہیں تاہم الگورتھم کے ذریعے دکھائی جانے والی پوسٹیں اکثر ان کی ذاتی اقدار اور پسند کے برعکس ہوتی ہیں۔

محققین کے مطابق الگورتھم روایات، نظم و ضبط، قوانین کی پابندی اور سماجی تحفظ سے متعلق مواد کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں جبکہ دوسروں کی دیکھ بھال، قابلِ اعتماد رویے اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق مواد کو نسبتاً کم دکھایا جاتا ہے۔

’’سوشل میڈیا‘‘ کا استعمال اور اس کے تقاضے (اسلامی تعلیمات کی روشنی میں)

تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ سیاسی نظریات سے قطع نظر مختلف سوچ رکھنے والے صارفین کو اپنی پسند کے خلاف مواد دکھایا جاتا ہے تاہم یہ رجحان ڈیموکریٹک جماعت کے حامیوں میں زیادہ نمایاں تھا۔

محققین نے صارفین کی 24 گھنٹوں کی سرگرمیوں، پسندیدگی، پوسٹس آگے پھیلانے اور تبصروں کا جائزہ لیا، نتائج کے مطابق صارفین عموماً اپنی پسند کے مواد کو پسند کرتے اور فارورڈ کرتے ہیں لیکن اختلافی پوسٹس پر تنقید یا بحث کے لیے زیادہ تبصرے کرتے ہیں۔

چونکہ سوشل میڈیا الگورتھم تبصروں اور دیگر سرگرمیوں کو دلچسپی کی علامت سمجھتے ہیں، اس لیے کسی ناپسندیدہ پوسٹ پر بار بار تبصرہ کرنے سے صارف کو مستقبل میں اسی طرح کا مزید مواد دکھایا جا سکتا ہے۔

محققین نے واضح کیا ہے کہ یہ مشاہداتی تحقیق ہے، اس لیے یہ حتمی طور پر ثابت نہیں کرتی کہ اختلافی پوسٹس پر تبصرے ہی اس رجحان کی بنیادی وجہ ہیں، اس حوالے سے مزید تجربات اور وسیع تحقیق کی ضرورت ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا کے وہ الگورتھم جو صارفین کی سرگرمی بڑھانے کے لیے بنائے گئے ہیں، ضروری نہیں کہ ان کی حقیقی پسند اور نظریات کے مطابق مواد بھی فراہم کریں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ