دماغی سگنلز منتقل کرنیوالا نمک کے ذرے سے بھی چھوٹا وائرلیس آلہ تیار

امریکا کی کارنیل یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے نمک کے ذرے سے بھی چھوٹا دماغی آلہ تیار کر لیا۔
یہ آلہ دماغی برقی سرگرمیوں کو ایک سال سے زائد عرصے تک وائرلیس طریقے سے ریکارڈ اور منتقل کر سکتا ہے۔
سائنسی جریدے نیچر الیکٹرانکس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اس آلے کی لمبائی صرف 300 مائیکرون اور چوڑائی 70 مائیکرون ہے، یہ سرخ اور انفرا ریڈ لیزر شعاعوں سے توانائی حاصل کرتا ہے اور دماغی سگنلز کو انفرا ریڈ روشنی کی لہروں کے ذریعے باہر منتقل کرتا ہے۔
چین کے ’’مصنوعی سورج‘‘ نے ناممکن کام کر دِکھایا
تحقیق کے سربراہ پروفیسر الیوشا مولنار کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا سب سے چھوٹا دماغی آلہ ہے جو دماغ کی برقی سرگرمی ریکارڈ کر کے وائرلیس طریقے سے معلومات منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سائنس دانوں نے ابتدائی تجربات خلیوں پر کیے جس کے بعد اسے چوہوں کے دماغ کے اس حصے میں نصب کیا گیا جو مونچھوں کے ذریعے محسوس ہونے والی معلومات کو پراسیس کرتا ہے۔
ایک سال تک جاری رہنے والے تجربے میں آلے نے دماغی خلیوں کی سرگرمی کامیابی سے ریکارڈ کی جبکہ چوہے صحت مند اور متحرک رہے۔
محققین کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے مستقبل میں ایم آر آئی اسکین کے دوران بھی دماغی برقی سرگرمی ریکارڈ کرنا ممکن ہو سکتا ہے جو موجودہ دماغی آلات کے ذریعے ممکن نہیں۔
اس ٹیکنالوجی کو ریڑھ کی ہڈی اور جسم کے دیگر حصوں میں بھی استعمال کرنے کے امکانات موجود ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ