تہران میں نیتن یاہو سے مشابہت رکھنے والے دکاندار کا بائیکاٹ

تہران میں خشک میوہ جات، گری دار میوے اور مٹھائیاں فروخت کرنے والا دکاندار سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
دکاندار کی شکل اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو سے غیر معمولی حد تک مشابہت رکھتی ہے۔
دکاندار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ اپنی دکان پر ترازو کے پیچھے بیٹھا دکھائی دیتا ہے، اس کے چہرے کے خد و خال، بالوں کی ساخت اور تاثرات نیتن یاہو سے ملتے جلتے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایرانی اور عرب سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے، بعض صارفین نے دکان کا پتہ پوچھا جبکہ کچھ نے دکاندار کے بائیکاٹ کی اپیل بھی کر دی۔
ترک میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بعض صارفین نے نیتن یاہو سے مشابہت کی بنیاد پر دکان سے خریداری نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس کے باعث دکاندار کے کاروبار کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دکاندار نے بھی اس صورتِ حال پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل سے متعلق موضوعات ایرانی سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل کا باعث بنتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ