تیراہ سے افغان نیشنل آرمی کا تربیت یافتہ دہشت گرد گرفتار: ایڈیشنل آئی جی کے پی

ایڈیشنل آئی جی خیبر پختون خوا عباس احسن اور ترجمان علاقائی ترقی کونسل محمود جان بابر نے کہا ہے کہ خیبر کے علاقے تیراہ سے سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران افغان نیشنل آرمی کا تربیت یافتہ افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کے پی عباس احسن نے بتایا کہ گرفتار خارجی کی شناخت حکمت اللّٰہ عرف حمزہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیا کے گاؤں منگریال سے ہے۔
عباس احسن کا کہنا ہے کہ گرفتار خارجی افغان نیشنل آرمی سے بھی منسلک رہا اور اس نے افغان آرمی سے تربیت حاصل کی تھی، اسے 7 نومبر کو گرفتار کیا گیا۔
سیکیورٹی اداروں نے افغان دہشتگرد کو گرفتار کرلیا
انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد گل بہادر گروپ کے ساتھ بھی کام کر چکا ہے، اس کے ساتھیوں اور تربیت فراہم کرنے والوں سے متعلق معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے سرحد پار اور پاکستان میں موجود دہشت گردوں سے رابطے ہیں، افغانستان میں کھلے عام پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔
ترجمان علاقائی ترقی کونسل محمود جان بابر کا کہنا ہے کہ ماضی قریب میں درپیش مشکلات اب ختم ہو چکی ہیں، سرحد پار سے پاکستان آنے والا کوئی بھی شخص اب بچ کر نہیں جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب وفاق اور صوبے سمیت تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ