ہم احتجاج نہ کرتے تو حکومت پیٹرول 500 روپے لیٹر پر لے جاتی: حافظ نعیم الرحمٰن

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن---فائل فوٹو
امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی کے دباؤ کے باعث حکومت نے عوام کو ریلیف دیا، اگر جماعتِ اسلامی احتجاج نہ کرتی تو حکومت پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک پہنچا دیتی۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے بتایا کہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑی گاڑیوں پر ٹیکس عائد کیا جائے، کیونکہ جو ہاتھی پالتا ہے وہ اس کا بوجھ بھی اٹھا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے اور سیاسی جماعتیں گاڑیوں کے بڑے بڑے لشکر لے کر نکلتے ہیں، اس لیے عوامی ریلیف پیکیج میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی شامل کیا جائے۔
اختیارات کیلئے لڑیں گے، فائل پھینک کر نہیں جائیں گے: حافظ نعیم الرحمٰن
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کی شدید قلت ہے جو سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں، ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین کرنا کس کی ذمے داری ہے؟
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل پی جی کا 70 فیصد حصہ ایران سے آتا ہے، اگر پاکستان میں گیس کے ذخائر موجود ہیں تو انہیں نکالا کیوں نہیں جا رہا؟
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں تیل صاف کرنے والی صنعت، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز مافیاز کے کارٹیل موجود ہیں، ان کارٹیل میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تمیز نہیں، بلکہ سب مل کر عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تیل صاف کرنے والی کمپنیوں کا منافع کم کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جا سکتی ہے، ملک میں گیس کی لوڈشیڈنگ بھی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ