برطانیہ: فیئر فورڈ ایئر بیس پر حملے کی سازش، امریکا میں 3 افراد پر فردِ جرم عائد

برطانوی فیئر فورڈ ایئر بیس پر حملوں کا منصوبہ بنانے کے الزام میں امریکا میں 3 افراد پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکا میں استغاثہ نے 3 افراد پر فردِ جرم عائد کی ہے، جنہیں ایرانی قرار دیا گیا ہے۔
ان افراد پر امریکا اور یورپ میں تقریباً 20 حملوں اور حملوں کی کوششوں میں مبینہ کردار ادا کرنے کا الزام ہے، ان میں برطانیہ کے فیئر فورڈ ایئر بیس کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔
برطانوی ایئر بیس سے طیارے غلطی سے نہیں ہٹائے، دھمکی ملی تھی: ٹرمپ
امریکی محکمۂ انصاف نے جاری بیان میں کہا ہے کہ تینوں افراد ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) اور عراقی مسلح تنظیم حزب اللّٰہ کی حمایت میں سرگرم تھے۔
محکمۂ انصاف کے مطابق ملزمان کی شناخت محمد باقر سعد داؤد السعدی، محسن مہاجری اور محمد علی الحسنی کے ناموں سے ہوئی ہے، تینوں کو دہشت گردی سے متعلق الزامات کا سامنا ہے۔
محمد باقر سعد داؤد السعدی پہلے ہی نیویارک کی 1 جیل میں قید ہے، تاہم استغاثہ نے محسن مہاجری اور محمد علی الحسنی کے موجودہ مقام کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ان الزامات پر ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب پروازوں کی نگرانی کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکی فوج نے برطانیہ کے ایک دوسری ایئر بیس آر اے ایف ملڈن ہال سے بھی کم از کم 12 طیارے ہٹا لیے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ