اٹلی کے تاریخی شہر سے 2 ہزار سال پرانی نایاب عطر کی بوتل دریافت

اٹلی کے تاریخی شہر پومپئی کے کھنڈرات سے ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے تقریباً 2 ہزار سال پرانی نایاب عطر کی بوتل سمیت متعدد قدیم نوادرات دریافت کر لیے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2 ہزار سال پرانی نایاب عطر کی بوتل شہر کے ریجیو 9 علاقے میں ایک قدیم الماری سے برآمد ہوئی، جس میں بچوں کے ہار، کانسی کے 38 سکے اور کئی آرائشی اشیاء بھی موجود تھیں۔
محققین نے بتایا ہے کہ یہ الماری ایک مکان کے پچھلے حصے سے دریافت ہوئی، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کورنیلیئس میکسیمس نامی شخص کی ملکیت تھا، تاہم مکان سے متعلق تحریری کتبے اب زیادہ تر ناقابلِ مطالعہ ہو چکے ہیں۔
قدیم مصر میں بادشاہوں کی موت پر درباریوں کی قربانی دینے کے شواہد سامنے آ گئے
رپورٹ کے مطابق تاریخی شہر پومپئی 79 عیسوی میں ماؤنٹ ویسوویئس کے آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں راکھ اور ملبے تلے دب گیا تھا، اس تباہ کن واقعے نے شہر کو مٹی کی تہوں میں محفوظ کر دیا تھا، جس کے باعث آج بھی وہاں سے قدیم رومیوں کی گھریلو زندگی، ثقافت اور معاشرتی روایات کے آثار دریافت ہو رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ دریافت قدیم شہریوں کے روزمرہ استعمال کی اشیاء اور ان کے طرزِ زندگی کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق جس مکان سے نوادرات دریافت ہوئے، وہاں آتش فشاں پھٹنے کے وقت تعمیر و مرمت کا کام جاری ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔
محققین نے یہ اندازہ چھت پر سادہ پلستر اور بعد میں بنائی گئی ایک کھڑکی کے مشاہدے کی بنیاد پر لگایا ہے۔
ماہرین نے کھدائی کے مقام پر محفوظ رہ جانے والے نشانات اور آثار کی مدد سے قدیم الماری کی ممکنہ اصل شکل بھی دوبارہ تیار کی ہے۔
واضح رہے کہ ماہرینِ کئی صدیوں سے پومپئی میں کھدائی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک قدیم شہر کا تقریباً دو تہائی حصہ دریافت کیا جا چکا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ