بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پیرو میں پوپ لیو کے استقبال کیلئے 46 فٹ بلند دیوہیکل مجسمہ نصب

تازہ ترین
پیرو میں پوپ لیو کے استقبال کیلئے 46 فٹ بلند دیوہیکل مجسمہ نصب

جنوبی امریکی ملک پیرو کے ساحلی شہر کالاؤ میں پوپ لیو چہاردہم کا 14 میٹر (46 فٹ) بلند مجسمہ نصب کر دیا گیا جسے دنیا میں پوپ کے لیے بنایا گیا سب سے بڑا مجسمہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسٹیل، فائبر گلاس اور رال (resin) سے تیار کیے گئے مجسمے کو دارالحکومت سے مختلف حصوں میں منتقل کر کے بھاری کرینوں کی مدد سے ساحل کے قریب ایک پارک میں نصب کیا گیا۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق مجسمہ ساز رافیل گوٹیریز اور ڈیوی وونگ نے اس کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا، مجسمے کے چہرے کے خد و خال کو خاص توجہ سے بنایا گیا ہے تاکہ امن اور سکون کا پیغام نمایاں ہو۔

پوپ لیو کا مشرق وسطیٰ، یوکرین اور سوڈان میں جنگ بندی کا مطالبہ

یہ مجسمہ پوپ لیو چہاردہم کی پیرو سے دیرینہ وابستگی کے اعتراف میں بنایا گیا ہے، پوپ لیو ویٹیکن منتقل ہونے سے پہلے تقریباً 2 دہائیوں تک پیرو میں مشنری پادری اور بشپ کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے جبکہ وہ شہر چیکلیو کے بشپ بھی رہ چکے ہیں۔

مجسمے کی رونمائی پوپ کے تاریخی دورۂ جنوبی امریکا سے قبل کی گئی ہے جس میں پیرو کے دارالحکومت لیما کے علاوہ چیکلیو، پوکالپا اور کسکو کے دورے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی حکام کو امید ہے کہ یہ مجسمہ عوام میں اتحاد اور امید کو فروغ دینے کے ساتھ مذہبی سیاحت میں بھی اضافہ کرے گا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ