پیپلز پارٹی واضح کرے جمہوری اور غیرجمہوری قوتوں کے درمیان وہ کہاں ہے؟: ترجمان اپوزیشن اتحاد

فوٹو: فائل
ترجمان اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ گورنر سرخیل بنا ہوا ہے، پیپلز پارٹی واضح کرے جمہوری اور غیرجمہوری قوتوں کے درمیان وہ کہاں ہے؟
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اخونزادہ حسین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے کمیٹی کا آج اجلاس ہوگا۔ کمیٹی ارکان میں کامران مرتضیٰ، سلمان اکرم، مصطفیٰ نواز کھوکر شامل ہیں۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد نے کہا کہ جن جماعتوں سے مشاورت ہوئی اجلاس میں اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ اے پی سی سے متعلق جن جماعتوں سے رابطہ نہیں ہوا اس پر بات ہوگی۔ عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی کی قیادت سے مشاورت ہونی ہے۔
اخوانزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اے پی سی میں شریک ہوں۔ پیپلز پارٹی کا گورنر راج سمیت دیگر امور پر غیر جمہوری رویہ ہے۔ گورنر راج سے قبل نیّر بخاری سے ملاقات کےلیے راجہ ناصر عباس گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا گورنر سرخیل بنا ہوا ہے اس پر پیپلز پارٹی کی وضاحت چاہیے۔ پی پی واضح کرے جمہوری اور غیرجمہوری قوتوں کے درمیان وہ کہاں ہے؟
ترجمان اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھا کہ جے یو آئی قومی اسمبلی اور سینٹ میں مشترکہ اپوزیشن کا حصہ ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نشست میں ماضی کی تلخیوں کو بھلانے کےلیے کمیٹی بنی۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے معاملات پر اتفاق کے لیے ایک دو روز میں میٹنگ ہوگی۔ بارہا مولانا کے ہاں حاضر ہوتے رہے، کوشش رہی کہ مولانا بھی اپوزیشن کے ساتھ چلیں۔ خوشی ہوگی کہ مولانا ہمارے ساتھ آئیں اور ہمارے صفوں میں شامل ہوں۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 28ویں ترمیم پر بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ پارٹی پالیسی واضح کرسکتے ہیں۔ میری معلومات کے مطابق بانی پی ٹی آئی 28ویں ترمیم کو لے کر کوئی ڈیل نہیں کرنا چاہتے۔ بانی موجودہ نظام کے ساتھ کسی ترمیم پر کوئی ڈیل کرنے کو تیار نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ