ٹرمپ کی سب سے بڑی غلطی ایرانی جوہری معاہدے سے پیچھے ہٹنا ہے: انٹونی بلنکن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن---فائل فوٹوز
سابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ایرانی جوہری معاہدے سے امریکا کی دستبرداری کو بنیادی غلطی قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی سب سے مہنگی غلطی جوہری معاہدے سے پیچھے ہٹنا اور اس کے متبادل کے طور پر کوئی دوسرا معاہدہ پیش نہ کرنا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ہونے والے تمام غلط فیصلے اسی بنیادی غلطی کا نتیجہ تھے، جس کے باعث اب امریکا کے پاس دستیاب راستے محدود رہ گئے ہیں۔
ایران پر نیا حملہ پہلے سے 5 گنا زیادہ بڑا ہو سکتا ہے: ٹرمپ
انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ایران پر مذاکرات کے لیے دباؤ تو ڈالا جا سکتا ہے، لیکن اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ درست حکمتِ عملی یہ ہے کہ معاشی دباؤ برقرار رکھتے ہوئے مزید کشیدگی سے گریز کیا جائے اور اس دباؤ کو ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے استعمال کیا جائے۔
بلنکن کے مطابق اس طریقے سے صدر ٹرمپ کی جانب سے شروع کی گئی جنگ ختم کرنے کی راہ بھی ہموار کی جا سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ