نہ 10 ارب روپے کی ویکسین کی خریداری ہوئی، نہ رشوت لی گئی: مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال---فائل فوٹو
ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، اس حوالے سے اپنے مؤقف سے دستبردار نہیں ہوں گے، ہم جائز بات کر رہے ہیں، کسی کے ڈرانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو مضبوط کرنے سے بھی کوئی نہیں روک سکتا، پارٹی کو کمزور رکھ کر صوبائی حکومت کی خدمت کرنے کا خیال درست نہیں، پارٹی کو مضبوط کریں گے تاکہ عوام کو ان کے حقوق دلا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ویکسین کی تیاری اور خریداری سے متعلق حقائق میڈیا کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں، گزشتہ 1 ہفتے سے ویکسین کی تیاری سے متعلق معاملہ زیرِ بحث ہے، جس پر میڈیا رپورٹس کے بعد وزیرِ اعظم نے انکوائری کمیٹی قائم کی تھی۔
وفاقی وزیرِ صحت نے کہا ہے کہ ویکسین کی مقامی تیاری سے درآمدات پر انحصار کم ہو گا، تاہم اس معاملے سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، ویکسین کی خریداری میں وزیرِ صحت اور وزارتِ صحت کو لا علم رکھا گیا۔
2 ڈی بار کوڈ نفاذ پر سمجھوتا نہیں ہوگا، ادویات کا ڈیٹا جمع نہ کرانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، مصطفیٰ کمال
مصطفیٰ کمال کے مطابق سوشل میڈیا پر ویکسین کے معاملے میں 10 ارب روپے کی کرپشن کا دعویٰ کیا گیا، تاہم نہ 10 ارب روپے کی کوئی ویکسین خریدی گئی اور نہ ہی کوئی رشوت لی گئی، اس معاملے میں اب تک سرکاری خزانے کو کوئی نقصان نہیں ہوا، نقصان ویکسین فراہم کرنے والی کمپنی کا ہوا ہے، یہ 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے کا معاملہ ہے، جو نادرا کے اکاؤنٹ میں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک کمپنی نے اس معاملے پر عدالت سے رجوع کیا تھا، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پیپرا قوانین کا اطلاق کیا گیا، جو غلط تھا، بارڈر ہیلتھ سروسز نے 10 جون کو اپنی پروکیورمنٹ کمیٹی قائم کی، جو قوانین کی مکمل خلاف ورزی تھی، وزیرِاعظم کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی نے بارڈر ہیلتھ سروسز کو ذمے دار قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا ہے کہ بارڈر ہیلتھ سروسز نے وزارتِ صحت کو اس معاملے سے لاعلم رکھا، انکوائری رپورٹ وزارتِ صحت کی ویب سائٹ پر بھی شائع کی جا رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے کی جانے والی گرفتاریوں میں بھی وزارتِ صحت نے کوئی مداخلت نہیں کی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ