سپریم کورٹ: عمر قید کی سزا مکمل کرنے والا ملزم قتل کے الزام سے بری

سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم نجف خان کو مقدمے سے بری کر دیا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ میرے مؤکل عمر قید کی سزا مکمل کر کے رہا ہو چکے ہیں، تاہم وہ قتل کے الزام سے میرٹ پر بریت چاہتے ہیں۔
سپریم کورٹ: قتل کے ملزم کی سزا کیخلاف اپیل، وکیل کی عدم تیاری پر عدالت برہم
وکیل کے مطابق مقتول غلام محمد کے قتل کے مقدمے میں 2 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی تھی، جبکہ فارنزک لیبارٹری کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ میرے مؤکل کے پستول سے چلنے والی گولی سے قتل نہیں ہوا۔
وکیل نے بتایا کہ فارنزک رپورٹ کے مطابق جس شخص کی فائرنگ سے قتل ہوا، وہ پہلے ہی بری ہو چکا ہے، ہائی کورٹ نے میرے مؤکل کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا تھا۔
وکیل نے نشاندہی کی کہ ڈاکٹر کی رپورٹ میں 1 پستول سے فائرنگ کا ذکر ہے، جبکہ ایف آئی آر میں 2 رائفلز کا تذکرہ موجود ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد نجف خان کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کر دیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ