جس پر تشدد کیا اسی بچی سے مالدار دکاندار کو تھپڑ لگوائے: مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز---فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پہلی بار پنجاب کی حکومت کسی غریب اور محنت کش کے ساتھ کھڑی ہے، طاقت اور پیسے کا غرور اب نہیں چلے گا، کسی بااثر شخص کی جرأت نہیں کہ وہ غریب پر ہاتھ اٹھائے، ایک دکاندار نے بچی پر تشدد کیا تو میں نے بچی کو تھانے بلا کر حکم دیا کہ اس مال دار شخص کو زور دار تھپڑ مارو۔
جہلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جو نوجوانوں کی مدد کر رہا ہے، پنجاب کے سرکاری اسکول نجی اسکولوں سے بہتر ہیں، میں نے صرف بڑے شہروں میں ترقیاتی کام ہونے کی روایت ختم کر دی ہے، اب لاہور کی طرح راجن پور اور منڈی بہاؤالدین میں بھی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج طلبہ کو ان کی محنت کا صلہ مل رہا ہے، جس پر طلبہ کے ساتھ ان کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں، والدین کی قربانیوں اور محنت کی بدولت طلبہ اس مقام تک پہنچے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے 25 چھوٹے شہروں میں دل کے علاج کے لیے اسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں، اب دوسرے شہروں سے بھی لوگ جہلم میں دل کا علاج کروانے آ رہے ہیں، پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں سبز بسیں چل رہی ہیں اور حکومتی محنت سے چھوٹے شہر دوبارہ ملک کے نقشے پر نمایاں ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص میرٹ پر ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، پہلی مرتبہ حکومت کسی غریب اور محنت کش کے ساتھ کھڑی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آ رہے ہیں، بعض لوگوں کو تکلیف ہونا شروع ہو گئی ہے، حالیہ دونوں انتخابات میں مسلم لیگ ن کو کامیابی ملی ہے، آج سب سے پہلے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم میں کیتھ لیب کا افتتاح کیا ہے، عوام کو ملک کی سیاست اور ترقی میں اپنا پورا حصہ ڈالنا چاہیے۔
خواتین میری ریڈ لائن ہیں، تشدد یا ظلم قطعاً برداشت نہیں: مریم نواز
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے 3 سال میں کھربوں روپے کے منصوبے شروع کیے، اگر کسی کو کسی ایک منصوبے میں بھی خیانت کا ثبوت مل جائے تو میں اللّٰہ کو جواب دہ ہوں گی، جن لوگوں نے کچھ نہیں کیا، ان کے لیے کرپشن کے الزامات لگانا آسان ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ پنجاب میں کرپشن مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں وزیرِ اعلیٰ روزانہ کرپشن کا کوئی نہ کوئی کیس پکڑتی ہے، خیبر پختون خوا میں کئی سال تک کرپشن کا بازار گرم رہا، کیا سندھ، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں کرپشن نہیں ہوتی؟ جنہیں کرپشن پر اعتراض ہے، وہ وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں؟
مریم نواز نے کہا کہ اگر میرے کسی وزیر کے خلاف کوئی شخص ثبوت لے کر آئے گا تو میں اس وزیر کو نہیں بخشوں گی، جن لوگوں کو اعتراض ہے، انہیں وزارتوں سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے لوگ بسوں میں لٹک کر سفر کیا کرتے تھے، اب عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، میرے مخالفین کو صرف باتیں بنانا اور زبان چلانی آتی ہے، کام کرنا نہیں آتا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ