منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ڈونلڈ ٹرمپ کی پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت، مواخذے کا مطالبہ کرنے والے رکن کانگریس پر کڑی تنقید

تازہ ترین
ڈونلڈ ٹرمپ کی پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت، مواخذے کا مطالبہ کرنے والے رکن کانگریس پر کڑی تنقید

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ---فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کا دفاع کرتے ہوئے ان کے مواخذے کا مطالبہ کرنے والے ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے تھامس میسی کو ’ناکام اور بیمار ذہنیت کا حامل شخص‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہیگسیتھ نے 2 جنگیں جیتی ہیں اور وینزویلا اور ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں کو کامیابی سے سنبھالا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا میں جنگ جیتی جا چکی ہے اور صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کا فوجی آپریشن مکمل طور پر کامیاب رہا، ایران میں بھی امریکا کامیابی حاصل کر رہا ہے۔

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی قرارداد امریکی ایوان نمائندگان میں پیش

دوسری جانب تھامس میسی نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد پیش کر دی جس میں ایران، یمن اور وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائیوں پر ہیگسیتھ کو سنگین الزامات کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے۔

میسی کا مؤقف ہے کہ وزیرِ دفاع نے جنگ سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی اور امریکی فوجیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے مواخذے کی کوشش کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک جاری فوجی کشیدگی کے دوران وزیرِ دفاع کو عہدے سے ہٹانے کی کوشش اتحادیوں اور مخالفین کے سامنے امریکا کا انتہائی منفی تاثر پیدا کرے گی۔

ادھر پیٹ ہیگسیتھ نے فوجی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ میں آج ایک پریس کانفرنس میں مواخذے کی کوشش پر اپنا مؤقف پیش کروں گا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایوانِ نمائندگان میں ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پر ووٹنگ ہفتے کے وسط تک متوقع ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ