منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ریٹائرمنٹ سے قبل ویرات کوہلی سے دلچسپ گفتگو ہوئی: کین ولیمسن کا انکشاف

تازہ ترین
ریٹائرمنٹ سے قبل ویرات کوہلی سے دلچسپ گفتگو ہوئی: کین ولیمسن کا انکشاف

سابق کیوی کپتان کین ولیمسن اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی — فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کے ساتھ ریٹائرمنٹ سے قبل ہونے والی ایک دلچسپ گفتگو نے مجھے اپنے کیریئر اور زندگی کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیا تھا۔

کین ولیمسن نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے انکشاف کیا کہ ریٹائرمنٹ سے قبل میرے اور ویرات کے درمیان کرکٹ، کیریئر کے اختتام اور ذاتی تجربات پر تبادلۂ خیال ہوا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ویرات کے ساتھ میری کئی باتیں مشترک ہیں، جن میں طویل انٹرنیشنل کیریئر، کپتانی کی ذمے داریاں اور ایک ہی دور میں خاندانی زندگی کا آغاز شامل ہے۔

کین ولیمسن نے مزید بتایا کہ ہم دونوں نے تقریباً 16 سال تک مسلسل بہتری کی کوشش کی اور اپنی ٹیمز کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور محنت کی۔

کین ولیمسن انگلینڈ سیریز کے درمیان ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

انہوں نے بتایا کہ ویرات سے فون پر گفتگو کے بعد جب میری اہلیہ ہوٹل کے کمرے میں آئیں تو میں نے ان سے کہا کہ اب ریٹائرمنٹ کا وقت آ گیا ہے۔

واضح رہے کہ کین ولیمسن نے 16 سالہ انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کیے بغیر کیا۔

انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 9 ہزار 515 رنز بنائے، جبکہ ویرات کوہلی نے 9 ہزار 230 رنز کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لی۔

اس حوالے سے کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ میرے لیے کامیابی کا معیار صرف رنز یا سنچریاں نہیں تھیں بلکہ کھیل سے حقیقی وابستگی اور ٹیم کے لیے کردار ادا کرنا زیادہ اہم تھا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ