پاکستان میں بطور امریکی سفیر نامزد نیٹلی اے بیکر کون ہیں؟

نیٹلی اے بیکر—فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی محکمۂ خارجہ کی سینئر سفارت کار نیٹلی اے بیکر کو پاکستان میں بطور امریکی سفیر نامزد کر دیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے گزشتہ روز (9 نومبر کو) جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق نیٹلی اے بیکر کا نام سینیٹ کی منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی نیٹلی بیکر سینئر فارن سروس کی منسٹر کونسلر کلاس کی کیریئر سفارت کار ہیں۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کا کراچی میں اسٹیٹ بینک کا دورہ
نیٹلی اے بیکر اس وقت پاکستان میں بطور امریکی ناظم الامور (Chargé d’Affaires) خدمات انجام دے رہی ہیں اور انہیں منسٹر کونسلر کا عہدہ حاصل ہے۔
انہوں نے 16 اگست 2024ء کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں نائب چیف آف مشن (DCM) کی ذمے داریاں سنبھالی تھیں۔
اسلام آباد میں موجودہ تعیناتی سے قبل وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے میں نائب چیف آف مشن کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
ان کے سابقہ عہدوں میں امریکی محکمۂ خارجہ کے بیورو آف نیئر ایسٹرن افیئرز میں دفتر برائے شمالی افریقی امور کی ڈائریکٹر، لیبیا میں امریکی مشن کی نائب سربراہ و ناظم الامور، دبئی میں امریکی قونصل خانے کے ایران ریجنل پریزنس آفس کی نائب ڈائریکٹر اور کویت میں امریکی سفارت خانے میں اقتصادی مشیر ہیں۔
کویت میں تعیناتی کے دوران انہوں نے عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلاء میں معاونت کے لیے امریکی محکمۂ دفاع کے ساتھ بھی کام کیا۔
پاکستان میں امریکی ناظم الامور کی حیثیت سے نیٹلی اے بیکر امریکا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سفارتی کوششوں میں سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔
حالیہ نامزدگی کے بعد نیٹلی اے بیکر کو باضابطہ طور پر عہدہ سنبھالنے کے لیے امریکی سینیٹ کی منظوری درکار ہو گی۔
نیٹلی بیکر کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور علاقائی امور پر سفارتی روابط جاری ہیں۔
خیال رہے کہ ان سے قبل ڈونلڈ بلوم پاکستان میں امریکی سفیر تھے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ